حریت رہنمائوں اور تنظیموںکاشہدائے گائوکدل کو زبردست خراج عقیدت

بدھ 20 جنوری 2021 17:03

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جنوری2021ء) بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموںوکشمیرمیںحریت رہنمائوں اور تنظیموں نے 1990کے سانحہ گائوکدل کے شہداء کی 31ویں برسی کے موقع پر انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق تحریک مزاحمت کے چیئرمین بلال احمد صدیقی نے ایک بیان میں (آج) جمعرات کو سرینگر میں مکمل ہڑتال کی اپیل کااعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سانحہ گائوکدل بھارتی فوجیوںکی طرف سے مقبوضہ جموںوکشمیرمیں قتل عام کے بدترین واقعات میں سے ایک ہے ۔

انہوںنے جنوری کے مہینے کو کشمیریوں کیلئے مہلک ترین مہینہ قراردیتے ہوئے کہاکہ گائوکدل ، سوپور ، کپواڑہ اور ہندواڑہ جیسے کشمیریوںکے قتل عام کے بدترین واقعات جنوری کے مہینے میں ہی رونا ہوئے ہیںجن میں سینکڑوںکشمیریوںکو شہید کیاگیا۔

(جاری ہے)

حریت رہنماء جاوید احمد میر نے ایک بیان میں کہاکہ کشمیری عوام نے اپنے ناقابل تنسیخ حق ، حق خودارادیت کیلئے بے مثال قربانیاں پیش کی ہیں۔

انہوںنے کہاکہ شہدائے گائوکدل نے بھارت کے غیر قانونی تسلط سے آزادی کیلئے اپنی جانوںکا نذرانہ پیش کیا۔ انہوںنے عالمی برادری پر زوردیا کہ وہ کشمیری عوام کو درپیش مشکلات دور کرانے کیلئے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے ۔ اسلامی تنظیم آزادی کے سربراہ عبدالصمد انقلابی نے سرینگر سے جاری ایک بیان میںسانحہ گائوکدل کو مقبوضہ جموںوکشمیر کی تاریخ کا سیاہ ترین باب قراردیا۔

انہوںنے افسوس ظاہر کیاکہ سانحے کے متاثرہ خاندان آج بھی انصاف کے منتظر ہیں۔ جموںوکشمیر تحریک استقلال کے نائب چیئرمین مشتاق احمد بٹ اور جنرل سیکریٹری عبدالحمید نے ایک مشترکہ بیان میں کہاکہ کشمیری شہداء نے بھارتی تسلط سے آزادی کے مقدس مشن کیلئے اپنی جانوںکا نذرانہ پیش کیا ہے ۔ انہوںنے شہداء کے اہلخانہ سے مکمل ہمدردی اوریکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ قابض بھارتی فوج روزانہ کی بنیاد پروادی کشمیرمیں نہتے کشمیریوںکے خون سے ہولی کھیل رہی ہے ۔

جموںوکشمیر ڈیموکریٹک پولٹیکل موومنٹ نے شہدائے گائو کدل کی یاد میں بارہمولہ میں ایک دعائیہ مجلس کا اہتمام کیا جس کی صدارت پارٹی کے جنرل سیکرٹری پیر ہلال احمد نے کی۔پیر ہلال احمد نے اس موقع پر کہا کہ بھارتی فوج نے گزشتہ تین دہائیوں کے دورا ن مقبوضہ جموںو کشمیر میں بڑے پیمانے پر کشمیریوں کا قتل عام کیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری شہداء کی قربانیوں کو ہرگز رائیگاں نہیں ہونے دیا جائے گا۔ انہوں نے شہدائے گائو کدل سمیت تمام کشمیری شہداء کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔