پیپسی قومی خواتین کرکٹ ٹیم کاپرنسپل پارٹنر بن گیا

بدھ 20 جنوری 2021 17:33

پیپسی قومی خواتین کرکٹ ٹیم کاپرنسپل پارٹنر بن گیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جنوری2021ء) پیپسی آئندہ ایک سال کے لیے قومی خواتین کرکٹ ٹیم کا پرنسپل پارٹنر بن گیا ہے۔ اس سلسلے میں پاکستان کرکٹ بورڈ اور پیپسی کے درمیان ایک سالہ معاہدہ طے پاگیا ہے۔ اس معاہدے کی تقریب بدھ کو پاکستان کرکٹ بورڈ کے ہیڈ کوارٹرز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں منعقد ہوئی۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر کمرشلز بابرحامد اور ڈائریکٹرمارکیٹنگ پیپسی عائشہ جنجوعہ نے معاہدے پر دستخط کیے۔

معاہدے کااطلاق پاکستان اور جنوبی افریقہ کی خواتین کرکٹ ٹیموں کے درمیان آج سے شروع ہونے والی ایک روزہ بین الاقوامی سیریز سے ہوجائے گا۔دونوں ٹیموں کے مابین 3 ون ڈے اور 3 ٹی ٹونٹی میچوں پر مشتمل سیریز کنگز میڈ اسٹیڈیم ڈربن میں کھیلی جائے گی۔

(جاری ہے)

سیریز کے دوران پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم کی پلیئنگ کٹس پر پیپسی، گیٹرویڈ اور کرکرے کے لوگوز چسپاں ہوں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر کمرشلز بابرحامد کا کہنا ہے کہ پی سی بی خواتین کرکٹ کی ترقی اور فروغ میں ہمیشہ پیش پیش رہا ہے اور پیپسی کے ساتھ حالیہ معاہدہ بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم نے حالیہ چند برسوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرکے بین الاقوامی سطح پر اپنا مقام بنانے کے ساتھ ساتھ پاکستان میں موجود نئی کرکٹرز کو متاثر کرنے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔

ڈائریکٹر کمرشلز پی سی بی نے کہا کہ پیپسی ایک طویل عرصے سے پاکستان کرکٹ کا شراکت دار ہے اوران دونوں پارٹنرز کے تعلقات دن بدن مستحکم ہورہے ہیں، ہمیں خوشی ہے کہ اس پارٹنرشپ کے ذریعے ملک میں خواتین کرکٹ کو فروغ ملے گا۔ پیپسی کی ڈائریکٹر مارکیٹنگ عائشہ جنجوعہ کا کہنا ہے کہ پیپسی نوجوانوں کا برانڈ ہے اور ہمیں خوشی ہے کہ ہم پاکستان میں خواتین کرکٹ کے فروغ میں پی سی بی کے ساتھ شراکت داری قائم کررہے ہیں۔

عائشہ جنجوعہ نے کہا کہ پیپسی اور پاکستان کرکٹ کے تعلقات دیرینہ ہیں اور ہم اس میں مزید استحکام لانے کے خواہشمند ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم نے گزشتہ چند سالوں میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیاہے اور اب غیرملکی کوچ قومی خواتین کرکٹرز کی تربیت بھی کررہے ہیں، لہذا ہمارے خیال میں یہ موزوں وقت ہے کہ ہم پاکستان خواتین کرکٹ کے ساتھ پارٹنرشپ کا آغاز کریں۔