Live Updates

براڈ شیٹ کیس میں ن لیگ کی بد عنوانی اور بد نیتی سامنے آجائیگی،زین قریشی

بدھ 20 جنوری 2021 18:01

ملتان ۔20جنوری  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جنوری2021ء) :وفاقی پارلیمانی سیکرٹری خزانہ مخدومزادہ زین حسین قریشی نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کابیانیہ دشمن قوتوں کے بیانیہ سے مطابقات رکھتاہے۔ براڈ شیٹ کیس میں ن لیگ کی بد عنوانی اور بد نیتی سامنے آجائیگی۔ ملک میں پائیدار ترقی کا سفر شروع ہو چکا ہے۔ اپوزیشن کا احتجاج بے وقت کی راگنی ‘ پی ڈی ایم کا بیانیہ پٹ چکا۔

پی ڈی ایم نے کرونا وباکے دوران احتجاج کرکے قوم کی مشکلات میں اضافہ کیا۔ عوام احتجاجی سیاست کو مستردکرتے ہیں۔ این اے 157 کی یونین کونسل 121ڈمرا میں پی ٹی آئی دفتر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی پارلیمانی سیکرٹری نے کہاکہ فارن فنڈنگ میں پی ٹی آئی کا موقف واضح ہے جبکہ اس کے مقابل دوسری جماعتیں بھی اپنے اثاثے ڈیکلیئر کریں۔

(جاری ہے)

دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائیگا۔ انہوں نے کہا پی ٹی آئی پاکستان کی منظم اور مقبول ترین سیاسی جماعت ہے جس کو عوام میں بھر پور پذیرائی حاصل ہے۔ پی ٹی آئی کو گراس روٹ لیول تک منظم کررہے ہیں۔ تاکہ عوام ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔ الیکشن کمیشن کےسامنے پی ڈی ایم رہنماوں نے قوم سے جھوٹ بولاجس پر انہیں قوم سے معافی مانگنی چاہئے۔

پی ڈی ایم دراصل ملکی ترقی کی دشمن ہے اس سے ملکی ترقی ہضم نہیں ہورہی،پی ڈی ایم کے پاس عوامی ترقی کاکوئی ایجنڈا نہیں اور پرانی گھسی پٹی تقاریر ہیں جو عوام سن کر تھک چکے ہیں عوام ان کے جھانسے میں نہیں آئیں گے۔ قبل ازیں مخدومزادہ زین حسین قریشی نے اپنے حلقے کی مختلف یونین کونسلوں جن میں قادر پور راں ‘ جھوک لشکر ‘ جلال آباد‘ دو ایم آر ‘ ڈمرا‘ شامل ہیں کا دورہ کیا۔ اس دوران انہوں نے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح وترقیاتی منصوبوں پر جاری کام کا معائنہ بھی کیا اور متعلقہ حکام کو ہدایات کیں کہ ترقیاتی کاموں کو شفاف اور بروقت مکمل کیا جائے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات