کاشت کاربدین ویلفیئر شوگرمل اور ضلع کی دیگر شوگرملوں سے اپنے واجبات کے حصول کے لیے مارے مارے پھرنے لگے

بدھ 20 جنوری 2021 19:07

پنگریو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جنوری2021ء) پنگریو اور گردونواح کے علاقوں سے تعلق رکھنے والے گنے کے کاشت کاربدین ویلفِیرشوگرمل اور ضلع کی دیگر شوگرملوں سے اپنے واجبات کے حصول کے لیے مارے مارے پھرنے لگے جبکہ شوگرملیں کاشت کاروں کے کروڑوں روپے دباگئی ہیں اس حوالے سے متاثرہ کاشت کاروں نے جاویدعلی بلوچ اور دیگر کی قیادت میں میڈیا کو بتایاکہ بدین شوگرمل کی انتظامیہ مخصوص زمینداروں کوواجبات اداکررہی ہے تاہم پنگریو اور ملحقہ علاقوں سے تعلق رکھنے والے چھوٹے اورمتوسط کاشت کاروں کو سارا دن قطارمیں کھڑاکرنے کے بعدواجبات اداکیے بغیر واپس روانہ کردیاجاتا ہے کاشت کاروں نے کہا کہ شوگرملوں کی انتظامیہ کاشت کاروں کو ان کے خون پسینے کی کمائی دینے سے بھی گریز کررہی ہے اورکاشت کاروں کو قطاروں میں دن بھر کھڑا کرکے ان کی توہین کی جارہی ہے انہوں نے کہا کہ شوگرملوں کے ایسے ہتھکنڈوں کے باعث ضلع بدین کے کاشت کاروں نے گنے کی بوائی کافی کم کردی ہے اورجوکاشت کارگناکاشت کررہے ہیں ان سے بھی توہین آمیزسلوک کرکے اوران کے واجبات دباکر انہیں بھی گنے کی بوائی سے ہاتھ اٹھوانا چاہتے ہیں کاشت کاروں نے وزیراعلی سندھ اورصوبائی وزیرزراعت سندھ سے مطالبہ کیا ہے بدین ویلفیئر اور ضلع بدین کی دیگر شوگرملوں کی جانب سے کاشت کاروں کو قطاروں میں دن بھرکھڑارکھنے کے بعد واجبات کی ادائیگی سے انکار کرنے کے معاملے کانوٹس لیاجائے اورکاشت کاروں کو ان کے واجبات فوری طورپر دلوائے جائیں۔

متعلقہ عنوان :