چوروں کے ٹولے کو اکٹھا دیکھ کر سمجھ جائیں انقلاب آرہا ہے، عمران خان

سارا چوروں کا ٹولہ کہہ رہا ہمیں این آراو دے دو،مشرف طاقتور تھا، پھر بھی گھٹنے ٹیک گیا؟ قانون کی بالادستی کے بغیر کوئی ملک ترقی نہیں کرسکتا، مطمئن ہوں ملک کو مسائل سے نکالوں گا۔ وزیراعظم کاوزیرستان میں قبائلی عمائدین سے خطاب

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 20 جنوری 2021 18:44

چوروں کے ٹولے کو اکٹھا دیکھ کر سمجھ جائیں انقلاب آرہا ہے، عمران خان
جنوبی وزیرستان (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 20 جنوری 2021ء) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ چوروں کے ٹولے کو اکٹھا دیکھ کر سمجھ جائیں انقلاب آرہا ہے، سارا چوروں کا ٹولہ کہہ رہا ہمیں این آراو دے دو،مشرف طاقتور تھا، پھر بھی گھٹنے ٹیک گیا؟ قانون کی بالادستی کے بغیر کوئی ملک ترقی نہیں کرسکتا، مطمئن ہوں ملک کو مسائل سے نکالوں گا۔ انہوں نے آج دورہ وزیرستان میں قبائلی عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سارا چوروں کا ٹولہ کہہ رہا ہے باقی چوروں کو جیلوں میں ڈالو، ہم جتنی بھی چوری کریں ہمیں این آراو دے دو، اگر قوم کا سارا پیسا چوری کرکے باہر لے جائیں، محلات باہر بنالیں، سب کے بیٹے باہر ارب پتی ہیں، این آراو لینے کیلئے بلیک میل کررہے ہیں ہمیں ہاتھ نہ لگاؤ، مشرف طاقتور تھا، وہ ان کے سامنے گھٹنے ٹیک گیا؟ میں کہنا چاہتاہوں کہ کیوں بنگلا دیش اور باقی چھوٹے ملک ہم سے آگے نکل گئے؟ کوئی سوچ نہیں سکتا تھا کہ مشرقی پاکستان مغربی پاکستان سے آگے نکل جائے گا، آج وہ بھی ہم سے آگے نکل گئے، ایک فیکٹری پر ڈاکو کو بٹھا دیں، فیکٹری بیٹھ جائے گی۔

(جاری ہے)

ہم مشکل حالات سے نکل رہے ہیں، ملک پر تاریخی قرضے ہیں، ہم ملک کو درست راستے پر لا رہے ہیں، اللہ نے جو چیزیں وسائل نعمتیں پاکستان کو بخشی ہیں، کسی کے پاس نہیں، کوئی ملک ترقی نہیں کرتا جہاں طاقتور اور کمزور کیلئے الگ الگ قانون ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں انصاف کی تحریک شروع ہورہی ہے، اصلاحات کا عمل تکلیف دہ ہوتا ہے، جب جرمنی ، جاپان تباہ ہوگیا تو ان قوموں مشکل وقت گزارا لیکن کھڑے ہوگئے۔

میرے خیال میں ہم اگر یہاں سرمایہ کاری کرتے، بڑی جلدی تبدیلی آسکتی ہے، ہمارے مشکل حالات ہیں،پھر بھی قبائلی علاقوں کے پیسے کٹ نہیں کرنے، محمود خان کو پتا ہے، سارے وسائل قبائلی علاقوں پر خرچ کریں گے۔احساس پروگرام کے تحت لوگوں کو نیچے تک قرضے دیں گے، غریب گھرانوں کو مرغیاں، جانور دیں گے، جوانوں کو قرض دیں گے،تاکہ بے روزگاری کا خاتمہ ہوسکے، 5 ہزار کنال پر ایجوکیشن سٹی بنائیں گے، یہاں سارے علاقے کو ہیلتھ انشورنس دیں گے، کسی بھی ہسپتا ل میں مفت علاج ہوسکے گا۔عوام کو نظر آئے گا نیا وزیرستان بن رہا ہے۔