پولیس میں 10ہزار بھرتیاں شفاف طریقے سے میرٹ پر ہونگی،ریونیو سٹاف کی کمی کو بھی دورکرینگے‘عثمان بزدار

منظور شدہ خالی آسامیوں پر بھرتیوں کا عمل مزید تیز کیا جائے گا، صحت کے شعبہ کی بہتری کیلئے ہسپتالوں کے دورے کرونگا لینڈ ریکارڈ سینٹرز کے حوالے سے شکایت پر افسران کیخلاف ایکشن ہوگا، ریونیوسے متعلقہ شکایات کسی صورت قابل برداشت نہیں

بدھ 20 جنوری 2021 19:30

پولیس میں 10ہزار بھرتیاں شفاف طریقے سے میرٹ پر ہونگی،ریونیو سٹاف کی ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جنوری2021ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے ساہیوال میں مختلف وفود نے ملاقاتیں کیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہر شہر کی ترقی عزیزہے۔ لوگوں کے مسائل مقامی سطح پر حل کرنے کی حکمت عملی تیار کرلی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس میں 10ہزار بھرتیاں کی جارہی ہیں اور تمام تر بھرتیاں شفاف طریقے سے میرٹ پر ہوں گی۔

ریونیو سٹاف کی کمی کو بھی جلد دورکریںگے اور اس ضمن میں ضروری عملے کی بھرتیوں کی اصولی منظوری دے دی ہے ۔

(جاری ہے)

پنجاب کے محکموں میں منظور شدہ خالی آسامیوں پر بھرتیوں کا عمل مزید تیز کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبہ کی بہتری کیلئے ہسپتالوں کے دورے کروںگا اور عوام کے مسائل موقع پر ہی حل کئے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سیکرٹری صحت کوڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ساہیوال کادورہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ خود وزٹ کر کے صورتحال کا جائزہ لیںاورعوامی شکایات کا ازالہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ لینڈ ریکارڈ سینٹر کا میں خود دورہ کروں گا اور شکایت پرمتعلقہ افسران کے خلاف سخت ایکشن ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ریونیوسے متعلق شکایات کسی صورت قابل برداشت نہیں ۔