سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان کا دورہ قطر

عسکری افواج کے چیف آف سٹاف جنرل (پائلیٹ) غانم بن شاہین الغانم اور سربراہ قطری بحریہ وائس ایڈمرل عبداللہ حسن ال سلیطی سے ملاقاتیں،باہمی تعاون کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا

بدھ 20 جنوری 2021 19:52

سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان کا دورہ قطر
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 جنوری2021ء) سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے اپنے تین روزہ دورہ قطر کے دوران قطر کی عسکری افواج کے چیف آف سٹاف جنرل (پائلیٹ) غانم بن شاہین الغانم اور سربراہ قطری بحریہ وائس ایڈمرل عبداللہ حسن ال سلیطی سے ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں کے دوران باہمی تعاون کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق سربراہ پاک فضائیہ نے العدید ائیر بیس پر قطر امیری فضائیہ کے سربراہ میجر جنرل(پائلیٹ) سالم حامد عقیل النابت سے بھی ملاقات کی۔ میجر جنرل(پائلیٹ)سالم حامد عقیل النابت نے قطر امیری فضائیہ کے افراد کی تربیت کے لئے پاک فضائیہ کے تعاون کو سراہا۔ انہوں نے JF-17 پروگرام کی کامیاب پیشرفت کی بھی تعریف کی۔

(جاری ہے)

سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے قطر امیری فضائیہ کی کامیاب آپریشنل تیاریوں کو سراہا اور اپنے ہم منصب کو پاک فضائیہ کیطرف سے بالخصوص تربیت کے شعبے میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

دونوں سربراہان نے باہمی تعاون کو مزید مستحکم بنانے پراتفاق کیا۔قبل ازیں سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان کی العدید ائیر بیس آمد پر قطر امیری فضائیہ کے سربراہ میجر جنرل(پائلیٹ) سالم حامد عقیل النابت نے ان کا استقبال کیا اور قطر امیری فضائیہ کے ایک چاک و چوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی