شہباز شریف خاندان کیخلاف منی لانڈرنگ ریفرنس کی سماعت 26 جنوری تک ملتوی

بدھ 20 جنوری 2021 20:08

شہباز شریف خاندان کیخلاف منی لانڈرنگ ریفرنس کی سماعت 26 جنوری تک ملتوی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 جنوری2021ء) احتساب عدالت نے شہباز شریف و ان کے خاندان کے خلاف منی لانڈرنگ و آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت 26 جنوری تک ملتوی کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر نیب کے دو گواہان کے بیانات پر جرح کے لئے شہباز شریف کے وکلاکو طلب کرلیا۔ ایڈمن جج جواد الحسن نے کیس کی سماعت کی۔ بدھ کے روز عدالتی سماعت پر شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو جوڈیشل ریمانڈ ختم ہونے پر سخت سکیورٹی حصار میں سینٹرل جیل کوٹ لکھپت سے عدالت میں پیش کیا گیا جبکہ شہباز شریف کے وکیل امجد پرویز طبیعت ناسازہونے کے باعث پیش نہیں ہوئے ۔

دوران سماعت نیب کے گواہ بلال ضمیر نے حمزہ شہباز سمیت تینوں بہن بھائیوں کے خلاف بیان قلمبند کرایا اور عدالت کو بتایا کہ میں نے نیب آفس میں تینوں بہن بھائیوں کا بنک اسٹیٹمنٹ اور ٹیکس کا ریکارڈ جمع کروایا ہے ،تمام دستاویزات باقاعدہ تصدیق شدہ تھے، میں نے تفتیشی افسر اور دو گواہوں کی موجودگی میں تینوں کا ریکارڈ جمع کروا یا ہے۔

(جاری ہے)

عدالتی اجازت پر شہباز شریف نے کہا کہ میرے خلاف منی لانڈرنگ کیس میں ایک دھیلے کی کرپشن ثابت نہیں کر سکتے ۔

دوران سماعت تفتیشی افسر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ نیب نے شہباز شریف کی اہلیہ نصرت شہباز، سلیمان ، بیٹی رابعہ عمران ،داماد ہارون یوسف کے اثاثے بھی قرق کر لئے ہیں۔عدالت نے اس ریفرنس میں شہباز شریف کی اہلیہ نصرت شہباز ، سلیمان شہباز ، رابعہ عمران اور ہارون یوسف کا کیس دیگر ملزمان سے الگ کر دیا ہے۔ عدالت نے مسلسل عدم پیشی پر نصرت شہباز کو اشتہاری قرار دیا ہے جبکہ عدم پیشی پر رابعہ عمران ،سلیمان شہباز ،یوسف ہارون اور دیگر کو اشتہاری قرار دئیے جانے کے بعد کے معاملے پر عملدرآمد رپورٹ بھی طلب کر لی۔

عدالت نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے جوڈیشل ریمانڈ میں آئندہ سماعت تک توسیع کردی اور جوڈیشل ریمانڈ ختم ہونے پر 26 جنوری کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف ،حمزہ شہباز سمیت 16 ملزمان کے خلاف ریفرنس 55 جلدوں پر مشتمل ہے جس میںشہباز شریف ،سلیمان شہباز ،حمزہ شہباز، رابعہ شہباز ،نصرت شہباز ، نثار احمد ،شاہد رفیق ،یاسر مشتاق ،محمد مشتاق ،آفتاب محمود ،محمد عثمان ،طاہر نقوی،قاسیم قیوم ،فاضل داد عباسی اور علی احمد کو نامزد کیا گیا ہے۔ شہباز شریف سمیت دیگر کے خلاف چار ملزمان شاہد رفیق ،یاسر مشتاق ،محمد مشتاق اور آفتاب محمود وعدہ معاف گواہ بن چکے ہیں۔