ملک کی تمام آبادی کیلئے ویکسین کی فراہمی آسان نہیں ہوگی، ڈاکٹر فیصل سلطان

ابتدائی طور پر کورونا ویکسین کی 2 کروڑ خوراکیں حاصل کی جائینگی،پہلے مرحلے میں فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز اور ،دیگر طبی عملے ،65 سال کی عمر کے افراد کو ویکسین دی جائیگی ،حکومت کی جانب سے فراہم کی جانیوالی ویکسین مفت ہوگی،پرائیوٹ سیکٹر یا صوبائی حکومت پر ویکسین کے حصول کیلئے کوئی پابندی نہیں ،معاون خصوصی صحت

بدھ 20 جنوری 2021 20:32

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جنوری2021ء) وزیر اعظم کے معاون خصوصی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے ملک کی تمام آبادی کیلئے ویکسین کی فراہمی آسان نہیں ہوگی، ابتدائی طور پر کورونا ویکسین کی 2 کروڑ خوراکیں حاصل کی جائینگی،پہلے مرحلے میں فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز اور ،دیگر طبی عملے ،65 سال کی عمر کے افراد کو ویکسین دی جائیگی ،حکومت کی جانب سے فراہم کی جانیوالی ویکسین مفت ہوگی،پرائیوٹ سیکٹر یا صوبائی حکومت پر ویکسین کے حصول کیلئے کوئی پابندی نہیں ۔

میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیر اعظم کے معاون خصوصی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ ڈریپ نے دو کورونا ویکسینز کی منظوری دیدی گئی ہے لیکن ملک کی تمام آباد ی کیلئے ویکسین کی فراہمی آسان نہیں ہوگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کیلئے ابتدائی طور پر کورونا ویکسین کی 2 کروڑ خوراکیں حاصل کی جائیں گی۔غ انہوں نے کہا کہ کورونا ویکسین سائنو فارم اور کنسائنو کمپنیز سے ویکسین کی فراہمی پر بات جاری ہے جبکہ سائنو فارم کی افادیت 80 فیصد ریکارڈ کی گئی اور یہ ویکسین کئی ممالک میں استعمال ہورہی ہے ، اس ویکسین کے ٹرائل میں 17 ہزار 500 افراد نے حصہ لیا۔

انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز اور اس کے بعد دیگر طبی عملے اور 65 سال کی عمر کے افراد کو ویکسین کی خوارک دی جائیں گی، اس کے بعد 60 سال کی عمر کے افراد اور پھر بتدریج 18 سال کی عمر تک کے افراد کو ویکسین کی خوراک فراہم کی جائیں گی یعنی ویکسین بچوں کو نہیں صرف بالغ افراد کو لگے گی۔ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ حکومت پاکستان کی جانب سے فراہم کی جانے والی ویکسین مفت ہوگی۔انہوں نے کہا کہ پرائیوٹ سیکٹر یا صوبائی حکومت پر ویکسین کے حصول کیلئے کوئی پابندی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال کی پہلی سہ ماہی میں ویکسین کی فراہمی شروع ہوجائے گی اور مارچ تک ویکسین کے 10 لاکھ ڈوز فراہمی کے قابل ہوجائیں گے۔