کملا ہیرس نے امریکہ کی پہلی خاتون نائب صدر کے عہدے کا حلف اٹھا لیا

کملا ہیرس نے امریکہ کی پہلی ایشائی، سیاہ فام اور خاتون نائب صدر کے طور پر حلف اٹھایا

Shehryar Abbasi شہریار عباسی بدھ 20 جنوری 2021 22:02

کملا ہیرس نے امریکہ کی پہلی خاتون نائب صدر کے عہدے کا حلف اٹھا لیا
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔ 20 جنوری 2021ء) کملا ہیرس نے امریکہ کی پہلی خاتون نائب صدر کے طور پر حلف اٹھا لیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈیموکریٹک پارٹی کی رہنما کملا ہیرس امریکہ کی پہلی سیاہ فام ایشیائی نائب صدر بن گئی ہیں۔ کملا ہیرس سے امریکی سپریم کورٹ کی پہلی لاطینی خاتون جج نے حلف لیا۔ کملا ہیرس کے والد کا تعلق جمیکا سے جبکہ والدہ کا تعلق بھارت سے ہے۔

کملا ہیرس امریکہ کی پہلی خاتون نائب صدر بھی ہیں۔ جبکہ وہ امریکہ کی 49 ویں نائب صدر ہیں۔  دوسری جانب جوبائیڈن نے امریکا کے 46 ویں صدر کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا۔امریکی ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنما جوبائیڈن نے باقاعدہ طور پر امریکی صدر کا عہدہ سنبھال لیا۔ امریکی صدارتی محل وائٹ ہاوس واشنگٹن میں ہوئی حلف برداری کی تقریب میں امریکا کے چیف جسٹس نے جوبائیڈن سے صدارت کا حلف لیا۔

(جاری ہے)

حلف برداری کی شاندار تقریب میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، تاہم یہ تعداد کرونا وائرس پھیلاو کی وجہ سے ماضی کے مقابلے میں بہت کم رہی۔ اس دوران سابق امریکی صدر بارک اوباما، ان کی اہلیہ، شوبز اور امریکی سیاست کی کئی مشہور شخصیات بھی موجود رہیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ کی جماعت کی جانب سے مائیک پینس نے تقریب میں شرکت کی۔ تقریب میں شریک تمام افراد نے کرونا وائرس ایس او پیز کا مکمل خیال رکھا۔

جبکہ ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکا کی 153 سالہ روایت کو توڑتے ہوئے صدر کی تقریب حلف برداری میں شرکت نہ کی۔ تقریب حلف برداری کے دوران امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔ سیکورٹی خدشات کی وجہ سے واشنگٹن کی سڑکیں سنسان رہیں، جگہ جگہ امریکی نینشل گارڈز کے اہلکار تعینات رہے۔ اس سے قبل ڈونلڈ ٹرمپ امریکی صدر کے عہدے سے سبکدوش ہونے کے بعد واشنگٹن کو خیرباد کہہ گئے۔

وائٹ ہاوس سے روانگی سے قبل الوداعی پیغام میں ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے حامیوں کو مخالف کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی حمایت کا شکریہ، جلد میری واپسی ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ 4سال بہترین تھے،سب کاشکریہ اداکرتاہوں ، ہم امریکی عوام سے پیار کرتے ہیں ، اسی لیے امریکا کو مضبوط بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے ، ہم نے نئی خلائی فورس بنائی اور امریکی فوج کی تشکیل نوکی ، ہماری معیشت بہترین ہے ، جب کہ نئی آنےوالی حکومت کومضبوط بنیاد فراہم کی ہے۔