گوجرانوالہ میں ماں اور 4 بچوں کے قتل کا واقعہ ، وزیراعلیٰ نے نوٹس لے لیا

واقعے میں ملوث ملزمان کسی قسم کی رعایت کے مستحق نہیں ، عثمان بزدار نے آر پی او گوجرانوالہ سے رپورٹ طلب کرلی

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 21 جنوری 2021 12:29

گوجرانوالہ میں ماں اور 4 بچوں کے قتل کا واقعہ ، وزیراعلیٰ نے نوٹس لے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 21 جنوری2021ء) وزیراعلیٰ پنجاب نے گوجرانوالہ میں ماں اور 4 بچوں کے قتل کے واقعے کا نوٹس لے لیا ، سردار عثمان بزدار کہتے ہیں کہ واقعے میں ملوث ملزمان کسی قسم کی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب نے آر پی او گوجرانوالہ سے واقعے کے حوالے سے رپورٹ طلب کرلی ، سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ملزمان کو جلد از جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا ، بتایا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی طرف سے مقتولین کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت بھی کیا گیا۔

واضح رہے کہ صوبہ پنجاب کے شہر گجرانوالہ میں ماں کو 4 بچوں سمیت ڈنڈوں کے وار کرکے قتل کر دیا گیا ، تفصیلات کے مطابق قتل کا یہ لرزہ خیز واقعہ گجرانوالہ کے علاقے میں تھانہ کینٹ کی حدود ڈوگرانوالہ میں پیش آیا ، جہاں قتل کا ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا ہے جس میں ایک خاتون اور 4 معصوم بچوں کو بے دردی سے قتل کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

واقعے کے بارے میں پولیس کا کہنا ہے کہ شبہ ہے قتل ہونے والی خاتون قتل ہونے والے بچوں کی ماں ہے ، ماں کو بچوں سمیت بے دردی سے قتل کیا گیا ہے ، خاتون سمیت 5 افراد کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

اس ضمن میں بتایا گیا ہے کہ قتل کا واقعہ رات کے وقت پیش آیا ، اہل محلہ نے خون دیکھ کر پولیس کو اطلاع دی ، قتل ہونے والے بچوں کی عمریں 5 سے 12 سال تھیں۔ پولیس کی طرف سے مزید بتایا گیا ہے کہ کہ واقعے کے وقت خاتون کا شوہر گھر پر موجود نہیں تھا ، بچوں کو الگ الگ کرکے لے جا کر قتل کیا گیا ، پولیس نے کیس کی تفتیش کا آغاز کر دیا ہے ، اس سلسلے میں خاتون کے شوہر کو بھی شامل تفتیش کیا جائے گا ، جس کے بعد کیس میں مزید انکشافات متوقع ہیں۔