کراچی،قائدآباد سے زخمی ڈاکو گرفتار، ملیر سے ملنے والی لاش کی شناخت

جمعرات 21 جنوری 2021 12:39

کراچی،قائدآباد سے زخمی ڈاکو گرفتار، ملیر سے ملنے والی لاش کی شناخت
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جنوری2021ء) کراچی کے علاقے قائدآباد میں مبینہ پولیس مقابلے کے بعد ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا، اورنگی ٹائون میں کالج کی چھت سے گر کر چوکیدار جاں بحق ہوگیا جبکہ گزشتہ روز ملیر میمن گوٹھ سے ملنے والی لاش کی شناخت ہوگئی ہے۔تفصیلات کے مطابق قائد آباد کے علاقے میں 2 ڈاکو شہری سے لوٹ مار کر رہے تھے کہ گشت پر معمور پولیس پارٹی پہنچ گئی، پولیس نے ملزمان کو گرفتار کرنے کی کوشش کی تو ملزمان نے فائرنگ کرکے فرار ہونے کی کوشش کی۔

پولیس کی جوابی فائرنگ سے ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا جبکہ دوسرا فرار ہوگیا ، زخمی ڈاکو کی شناخت علی کے نام سے ہوئی جس کے قبضے سے اسلحہ بھی ملا ہے۔ریسکیو زرائع کے مطابق اورنگی ٹائون سیکٹر ساڑھے گیارہ میں مبینہ طور پر کالج کی چھت سے گرکر ایک شخص جاں بحق ہوگیا، جاں بحق ہونے والا شخص کالج میں چوکیدار تھاجس کی شناخت 33 سالہ نفیس کے نام سے ہوئی ہے، واقعہ سے متعلق تفصیل پولیس کی جانب سے تاحال جاری نہیں ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز میمن گوٹھ، لنک روڈ سے ملنے والی لاش کی شناخت ناصر اعوان کے نام سے ہوئی ہے، مقتول بلدیہ نمبر7 کا رہائشی تھا، مقتول کو نامعلوم ملزمان نے گولی مارکر قتل کیا ہے۔جناح اسپتال میں لاش کا پوسٹ مارٹم کیا گیا جس میں مقتول کے ایک ہاتھ کی ہڈی تشدد سے متاثر ہوئی۔ سینے پر لگنے والی گولی پیٹ سے باہر نکلی۔پولیس حکام کے مطابق ناصر کو کسی اور مقام پر قتل کے بعد لاش کو میمن گوٹھ میں پھینکا گیا۔ لاش قانونی کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دی گئی۔ناصر اعوان کی گلشن اقبال میں اسٹیٹ ایجنسی تھی، دو روز قبل گھر سے اسٹیٹ ایجنسی جانے کا کہہ کر نکلا تھا اور پھر غائب ہوگیا۔ مقتول3 بیٹیوں کا باپ تھا۔