شہر قائد میں دھند کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر جبکہ 2 غیر ملکی پروازوں کا رخ موڑ دیا گیا

جمعرات 21 جنوری 2021 12:39

شہر قائد میں دھند کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر جبکہ 2 غیر ملکی پروازوں ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جنوری2021ء) شہر قائد میں دھند کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر رہی جبکہ 2 غیر ملکی پروازوں کا رخ موڑ دیا گیا۔ دھند ختم ہونے کے بعد پروازوں کا شیڈول معمول کے مطابق بحال کردیا گیا۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں دھند کے باعث 2 غیر ملکی پروازوں کا رخ موڑ دیا گیا، ایئرپورٹ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ غیر ملکی پروازوں کو ایئرپورٹ پر اترنے کی اجازت نہیں دی گئی۔

انتظامیہ کے مطابق سعودی عرب کی پرواز جدہ سے کراچی آرہی تھی جبکہ سری لنکا سے کراچی آنے والی پرواز کا رخ بھی مسقط کے لیے موڑ دیا گیا تھا۔ایئرپورٹ انتظامیہ کے مطابق کراچی سے اسلام آباد اور لاہور جانے والی پروازیں بھی متاثر ہوئی ہیں، دھند ختم ہونے کے بعد پروازوں کا شیڈول معمول کے مطابق بحال کردیا گیا۔

(جاری ہے)

مجموعی طور پر شہر کے مختلف علاقوں میں دھند کے باعث ٹریفک کی روانی بھی متاثر رہی۔

کراچی کے مختلف علاقوں گلشن حدید، اسٹیل ٹائون، پورٹ قاسم، شاہراہ فیصل، یونیورسٹی روڈ، قومی شاہراہ، لنک روڈ اور کراچی حیدر آباد موٹر وے پر شدید دھند رہی۔محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات کی صبح سے شہر کی فضاوں پر شدید دھند چھائی ہوئی۔صبح 7 بجے دھند کی وجہ سے حدِنگاہ خطرناک حد تک کم ہو کر صرف 200 میٹرز رہ گئی تھی۔کراچی میںجمعرات کو کم سے کم پارہ مزید 1 ڈگری اضافے سے 12 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈکیاگیا جبکہ شہر میں ہلکی ہوائیں 3 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی تھیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں بلوچستان کی شمال مشرقی سمت سے معمول سے کم رفتار ہوائیں چل رہی ہیں۔دوسری جانب دھند اور موسمی خرابی کے باعث کراچی ایئر پورٹ پر پروازیں بھی منسوخ ہوئی ہیں۔واضح رہے کہ کراچی میں عام طور پر دھند نہیں پڑتی لیکن کچھ روز سے ہلکی دھند کے بعد جمعرات کی صبح مختلف علاقوں میں دھند کی شدت میں اضافہ دیکھا گیا۔شہر میں دھند کی وجہ سے حد نگاہ 200 میٹر تک رہی جس کی وجہ سے ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی۔