فارن فنڈنگ کیس پر کارروائی جا ری ہے ، فارن فنڈنگ کیس میں سکروٹنی کمیٹی کی وضاحت

کارروائی عوامی سطح پر نہیں ہو سکتی، ورنہ کمیٹی کو اپنا کام کرنے میں دشواری ہوگی ، الیکشن کمیشن

جمعرات 21 جنوری 2021 16:25

فارن فنڈنگ کیس پر کارروائی جا ری ہے ، فارن فنڈنگ کیس میں سکروٹنی کمیٹی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جنوری2021ء) فارن فنڈنگ کیس کے حوالے سے الیکشن کمیشن نے وضاحت کی ہے کہ سکروٹنی کمیٹی کی طرف سے فارن فنڈنگ کیس پر کارروائی جا ری ہے ۔

(جاری ہے)

جاری بیان میں کہاگیاکہ الیکشن کمیشن اپیل کرتا ہے کہ غیر ضروری اور بغیر شواہد کے تبصروں سے گریز کیا جائے تاکہ الیکشن کمیشن یکسوئی سے اور جلداز جلد اس پر فیصلہ کرسکے ، الیکشن کمیشن میں پہلے ہی اس کیس کی سماعت فریقین کے سامنے ہو رہی ہے، سکروٹنی کمیٹی کے اختیارات یا منصب ایک جے آئی ٹی کا ہے،اس کی کارروائی عوامی سطح پر نہیں ہو سکتی، ورنہ کمیٹی کو اپنا کام کرنے میں دشواری ہوگی ، کمیٹی کا طریقہ کار یہ ہے کہ شکایت کنندہ اور الزام علیہ مختلف معاملات پر اپنا اپنا موقف پیش کرتے ہیں۔

بیان کے مطابق سکروٹنی کمیٹی کارروائی مکمل ہونے کے بعد جامع سفارشات مرتب کر کے کمیشن کو پیش کریگی، کمیشن کھلی سماعت میں یہ سفارشات دونوں پارٹیوں کو مہیا کرے گا، ددنوں اطراف کی بحث سننے کے بعد جلد میرٹ پر فیصلہ کرے گا،الیکشن کمیشن یقین دلاتا ہے کہ وہ بغیر کسی خوف یا دباو کے میرٹ پر فیصلہ کرے گا۔