بھارت میں کرکٹ میچ کے دوران جھگڑا، نوجوان کو چھرا گھونپ کر ہلاک کردیا گیا

ابھیشک وینا انکلیو میں ریلوے ٹریک کے قریب اپنے دوستوں کے ساتھ کرکٹ کھیل رہا تھا جب ایک لڑکے نے گرائونڈ میں کھیلنے کے معاملے پر جھگڑا کیا اور پھر چھرا گھونپ دیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 21 جنوری 2021 16:55

بھارت میں کرکٹ میچ کے دوران جھگڑا، نوجوان کو چھرا گھونپ کر ہلاک کردیا ..
نئی دہلی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 21 جنوری 2021ء ) بھارت میں کرکٹ میچ کے دوران جھگڑے کے باعث نوجوان کو چھری کے وار کرکے ہلاک کردیا گیا۔ بھارتی میڈیا ریورٹ کے مطابق ریاست نئی دہلی کے علاقے ننگلونی میں کرکٹ میچ کے دوران جھڑپ کے نتیجے میں 17 سالہ لڑکے کو چھری کے وار کرکے قتل کردیا گیا۔ مقامی پولیس کے مطابق ننگلونی کے کیمپ نمبر 2 کا رہائشی ابھیشک وینا انکلیو میں ریلوے ٹریک کے قریب اپنے دوستوں کے ساتھ کرکٹ کھیل رہا تھا جب یہ واقعہ پیش آیا۔

ڈی سی پی اے کوان کا کہنا تھا کہ ایک لڑکے نے اپنے نوعمر دوستوں کے ساتھ ابھیشک کے ساتھ گرائونڈ میں کرکٹ کھیلنے کے معاملے پر جھگڑا کیا اور پھر چھرا گھونپ دیا جب کہ خود فرار ہوگیا، ابھیشیک کو زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں دوران علاج وہ دم توڑ گیا۔

(جاری ہے)

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کا مقدمہ درج کرکے 5 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے ۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی نئی دہلی کے علاقے ساگرپور میں کرکٹ میچ کے دوران دوستوں کے درمیان ہونے والے جھگڑے میں بلے کے وار سے ایک نوجوان ہلاک ہوگیا تھا۔ پولیس کا کہنا تھا کہ کرکٹ میچ کے دوران 16 سالہ شیوام کا اپنے 19 سالہ دوست آکاش سے جھگڑا ہوگیا تھا جس پر آکاش نے شیوام کو بلے سے مارنا شروع کردیا جس سے اس کی موت واقع ہوگئی۔