امارات میں دھند کے دوران حادثات اور ٹریفک جام کے بعد اہم ترین اعلان ہو گیا

پولیس نے دُھند کی تصاویر اور ویڈیوز بنانے والے ڈرائیورز کو سنگین نتائج سے آگاہ کر دیا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 21 جنوری 2021 17:29

امارات میں دھند کے دوران حادثات اور ٹریفک جام کے بعد اہم ترین اعلان ..
ابوظبی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔21 جنوری2021ء) یو اے ای میں پچھلے کچھ روز سے شدید دُھند کا راج ہے، جس کے سبب درجنوں حادثات بھی پیش آ چکے ہیں۔ایک حادثے میں ایک شخص کی ہلاکت ہوئی ہے اور درجنوں زخمی ہوئے ہیں۔ آج کل سوشل میڈیا پر دُھند کے مناظر کی تصویریں اور ویڈیوز دھڑا دھڑ شیئر ز کی جا رہی ہیں۔ جس سے پتا چلتا ہے کہ امارات میں اتنی گہری دُھند پہلے کم ہی پڑی ہو گی۔

تاہم پولیس کی جانب سے ڈرائیورز کو خبردار کر دیا گیا ہے کہ وہ ڈرائیونگ کے دوران دُھند کی تصویریں اور ویڈیوز بنانے سے باز رہیں، ورنہ انہیں سنگین نتائج بھُگتنا ہوں گے۔ابوظبی پولیس کی جانب سے ڈرائیورز کے نام پیغام میں کہا گیا ہے کہ دُھند کے دوران ڈرائیونگ کرنا ایک مشکل کام ہو جاتا ہے، اس دوران ذرا سی بھی بے دھیانی اور غفلت کسی سنگین حادثے کا باعث بن سکتی ہے۔

(جاری ہے)

اس لیے تمام تر دھیان ڈرائیونگ پر ہی رکھیں۔ ڈرائیوز حضرات گاڑی چلاتے وقت اپنے موبائل فون کے ذریعے ویڈیو اور تصاویر بنانے سے باز رہیں۔ پولیس کے ٹویٹر پیغام میں کہا گیا ہے کہ اس عمل سے ڈرائیورز کی توجہ ڈرائیونگ سے ہٹ جاتی ہے۔ جو ڈرائیور اس خلاف ورزی میں ملوث پائے گئے، ان پر 800 درہم کا جرمانہ عائد کیا جائے گا، اس کے علاوہ ڈرائیونگ لائسنس پر بطور سزا 4 بلیک پوائنٹس کا اندراج بھی ہو گا۔

واضح رہے کہ ابوظبی میں تمام چھوٹی بڑی سڑکوں پر دھند کے دوران ہیوی ٹریفک سڑک پر لانے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ اس ہیوی ٹریفک میں ٹرک، بسیں، کنٹینرز اور دیگر بھاری گاڑیاں شامل ہیں۔ یہ ہیوی ٹریفک صرف اس وقت سڑکوں پر لائی جا سکے گی جب تک دُھند ختم ہونے کے بعد حدِ نگاہ پوری طرح بحال نہیں ہو جاتی۔ اگرکسی ڈرائیور نے اس پابندی کی خلاف ورزی کی تو اس پر 5سو درہم کا جرمانہ عائد ہو گا۔

اس کے علاوہ اس کے ڈرائیونگ لائسنس پر بطور سزا 4 بلیک پوائنٹس کا اندراج بھی کیا جائے گا۔ ابوظبی پولیس کا کہنا ہے کہ دُھند کے باعث حد نگاہ کم ہونے سے حادثات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ جس کی ایک بڑی وجہ اگلی گاڑیوں سے محفوظ فاصلہ نہ رکھنا اور حدِ رفتار پر عمل نہ کرنا ہے۔ بھاری ٹریفک کے باعث تصادم کی صورت میں انسانی جانوں کے لیے خطرات زیادہ ہو جاتے ہیں۔ اسی وجہ سے عارضی طور پر دُھند کے اوقات میں ہیوی ٹریفک پر پابندی لگائی گئی ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز صبح سویرے المفرق کے علاقے میں دُھند کے دوران 19 گاڑیوں کا تصادم ہوا تھا جس کے نتیجے میں ایک شخص اپنی جان گنوا بیٹھا اور 8 زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا تھا۔