گوجرانوالہ: 4 بچوں اور ماں کے قتل کا معاملہ ، قاتل بچوں کا باپ نکلا

ملزم نے غیرت کے نام پر بیوی اور بچوں کو قتل کیا ، جس کا ملزم عمران نے اعتراف جرم بھی کرلیا ، ایس پی سول لائن کا انکشاف

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 21 جنوری 2021 18:32

گوجرانوالہ: 4 بچوں اور ماں کے قتل کا معاملہ ، قاتل بچوں کا باپ نکلا
گوجرانوالہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 21 جنوری2021ء) صوبہ پنجاب کے شہر گوجرانوالہ کے علاقے ڈوگراں والہ میں ماں اور 4 بچوں کے قتل کیس میں اہم پیش رفت سامنے آگئی۔ تفصیلات کے مطابق ایس پی سول لائن اویس شفیق نے بتایا ہے کہ شوہر نے غیرت کے نام پر بیوی اور بچوں کو قتل کیا ، ملزم عمران نے اعتراف جرم بھی کرلیا ، جس کے بعد تھانہ کینٹ میں ملزم کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ گجرانوالہ میں ماں کو 4 بچوں سمیت ڈنڈوں کے وار کرکے قتل کر دیا گیا تھا ، قتل کا یہ لرزہ خیز واقعہ گجرانوالہ کے علاقے میں تھانہ کینٹ کی حدود ڈوگرانوالہ میں پیش آیا ، جس میں ایک خاتون اور 4 معصوم بچوں کو بے دردی سے قتل کر دیا گیا ، واقعے کے بارے میں پولیس کا کہنا تھا کہ شبہ ہے قتل ہونے والی خاتون قتل ہونے والے بچوں کی ماں ہے ، ماں کو بچوں سمیت بے دردی سے قتل کیا گیا ہے ، خاتون سمیت 5 افراد کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اس ضمن میں بتایا گیا کہ قتل کا واقعہ رات کے وقت پیش آیا ، اہل محلہ نے خون دیکھ کر پولیس کو اطلاع دی ، قتل ہونے والے بچوں کی عمریں 5 سے 12 سال تھیں ، پولیس کے مطابق واقعے کے وقت خاتون کا شوہر گھر پر موجود نہیں تھا ، بچوں کو الگ الگ لے جا کر قتل کیا گیا ، پولیس نے کیس کی تفتیش کا آغاز کر دیا تھا ، اس سلسلے میں خاتون کے شوہر کو بھی شامل تفتیش کیا گیا۔

جب کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے بھی گوجرانوالہ میں ماں اور 4 بچوں کے قتل کے واقعے کا نوٹس لیا ، سردار عثمان بزدار نے کہا کہ واقعے میں ملوث ملزمان کسی قسم کی رعایت کے مستحق نہیں ہیں ، وزیراعلیٰ پنجاب نے آر پی او گوجرانوالہ سے واقعے کے حوالے سے رپورٹ طلب کرلی ، سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ملزمان کو جلد از جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا ، بتایا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی طرف سے مقتولین کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت بھی کیا گیا۔

کیس میں اب پیش رفت سامنے آئی ہے اور ایس پی سول لائن اویس شفیق نے بتایا ہے کہ شوہر نے غیرت کے نام پر بیوی اور بچوں کو قتل کیا ، ملزم عمران نے اعتراف جرم بھی کرلیا ، جس کے بعد تھانہ کینٹ میں ملزم کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر رہے ہیں۔