فیصل آباد:ڈسٹرکٹ پٹرول پمپ کمیٹی نے آئل مارکیٹنگ کمپنی کو آئندہ پٹرول پمپ قائم کرنے کے لئے متعدد محکموں/اداروں کے این او سی کی شرط ختم کردی

جمعرات 21 جنوری 2021 19:33

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 جنوری2021ء) ڈسٹرکٹ پٹرول پمپ کمیٹی نے آئل مارکیٹنگ کمپنی کو آئندہ پٹرول پمپ قائم کرنے کے لئے متعدد محکموں/اداروں کے این او سی کی شرط ختم کردی ہے آئندہ صرف پانچ محکموں کی رپورٹ پر پٹرول پمپ کے قیام کا این او سی مختصر ترین مدت میں جاری کیا جائے گا۔اس سے قبل پٹرول پمپ لگانے کے لئے 14 محکموں کی رپورٹ درکار ہوتی تھی۔

یہ فیصلہ ڈپٹی کمشنر محمد علی کی صدارت میں ڈسٹرکٹ پٹرول پمپ کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا جس میں آئل مارکیٹنگ کمپنی کی درخواست پر آئندہ پٹرول پمپ قائم کرنے کے لئے متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر کی طرف سے زمین کی ملکیت کی تصدیق، روڈ کی چوڑائی، مجوزہ جگہ کا فرنٹ، جگہ پر درختوں کی موجودگی، کنڈونیشن فیس کی ریکوری، محکمہ انہار کے کھال کے گزرنے،سوئی گیس کی پائپ لائن،پی ٹی سی ایل کی لائن اور بجلی کے پولز گزرنے سے متعلق امور چیک کرکے رپورٹ کی جائے گی جبکہ ہائی ویز (ایم اینڈ آر) ڈویژن ون روڈ کے قابل عمل ہونے کے بارے میں این او سی فراہم کرے گا اسی طرح چیف ٹریفک آفیسر ٹریفک ایشوز کے حوالے،سول ڈیفنس سازوسامان کی چیکنگ اور سیکیورٹی، متعلقہ میونسپل کمیٹی/ایف ڈی اے کی طرف سے بلڈنگ پلان اور متعلقہ میونسپل/تحصیل کونسل اراضی کی منتقلی اور ڈسٹرکٹ پلاننگ اینڈ ڈیزائن کمیٹی کے ذریعے فیس کی ریکوری سے متعلق رپورٹ/این او سی فراہم کریں گے جبکہ ڈسٹرکٹ پٹرول پمپ کمیٹی نے سوئی گیس(ڈسٹری بیوشن)،سوئی گیس (آپریشنز)، پی ٹی سی ایل، انہار، ماحولیات، فیسکو، جنگلات اور ایف ڈی اے اور دیگر محکموں/اداروں کی طرف سے این او سی کو ختم کردیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر محمد علی نے بتایا کہ یہ اقدام حکومت پنجاب کے کاروباری طبقہ کے لئے آسانی پیدا کرنے کے اقدام کے تحت اٹھایا گیا ہے جس کی بدولت اس کاروبار سے وابستہ افراد کو سہولت حاصل ہوگی اور انہیں پٹرول پمپ لگانے کے لئے زیادہ انتظار نہیں کرنا پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کاروباری سرگرمیوں کو پروان چڑھانے کے لئے اپنا کردار ادا کر رہی ہے اور متعلقہ پانچ محکموں کی رپورٹس موصول ہونے پر پٹرول پمپس کے قیام کی درخواستوں کو تیز رفتاری سے نمٹا کر این او سی جاری کئے جائیں گے۔

دریں اثناء ڈسٹرکٹ پٹرول پمپ کمیٹی نے متعلقہ شرائط،قواعد وضوابط پورے ہونے پرمختلف علاقوں میں 6 پٹرول پمپس لگانے کی بھی منظوری دی جن میں چک 186 رب چک جھمرہ، چک 214 رب، چک 465 گ ب سمندری، چک 30 ج ب تحصیل صدر، چک 240 گ ب جڑانوالہ اور چک 202 رب میں پٹرول پمپس لگانے کی منظوری دی گئی۔یاد رہے کہ یہ 6 درخواستوں کی سابقہ طریقہ کار کے مطابق ہی منظوری دی گئی اور آئندہ کیسنز کاپانچ محکموں کے این او سی /رپورٹس کی روشنی میں فیصلہ کیا جائے گا۔