رواں سال اکتوبر تک بلدیاتی انتخابات کا عمل مکمل کرلینگے ‘ پنجاب حکومت نے الیکشن کمیشن کو شیڈول دیدیا

پہلے مرحلے میں ویلیج کونسلز اور نیبرہڈ کونسلزجبکہ دوسرے مرحلے میں تحصیل کونسلز و کارپوریشنز کے انتخابات منعقد ہونگے پنجاب میں ویلج کونسلز کی تعداد 25 بزار سے کم کر کے 8 ہزار کر دی گئی‘وزیر قانون نے الیکشن کمیشن میں وزیر اعلیٰ کی نمائندگی کی

جمعرات 21 جنوری 2021 22:45

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جنوری2021ء) پنجاب حکومت نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو بلدیاتی انتخابات منعقد کرانے کا شیڈول دیدیا۔ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی جانب سے صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت نے الیکشن کمیشن آف پاکستان میں نمائندگی کی۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ ڈاکٹر ساجد محمود چوہان، ایڈیشنل سیکرٹری لوکل گورنمنٹ ارشد بیگ، ڈائریکٹر لیگل چوہدری ابرار اور اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب عرفان نیازی بھی ان کے ہمراہ تھے۔

(جاری ہے)

راجہ بشارت نے الیکشن کمیشن کو آگاہ کیا کہ پنجاب حکومت رواں سال اکتوبر تک بلدیاتی انتخابات کا عمل مکمل کر لے گی۔انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں ویلیج کونسلز اور نیبرہڈ کونسلزجبکہ دوسرے مرحلے میں تحصیل کونسلز و کارپوریشنز کے انتخابات منعقد ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں ویلج کونسلز کی تعداد 25 بزار سے کم کر کے 8 ہزار کر دی گئی ہے نیز پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2019 کو مزید موثر بنانے کیلئے ترامیم کا عمل بھی مکمل کر لیا جائے گا۔ انہوں نے الیکشن کمیشن کو یقین دہانی کرائی کہ ان شا اللہ دئیے گئے شیڈول کے مطابق تمام مراحل کامیابی سے مکمل کر لیے جائیں گے۔