صوبائی حکومت کن تاریخوں میں الیکشن کا انعقاد چاہتی ہے،الیکشن کمیشن نے آئندہ اجلاس 15 روز کے بعد طلب کر لیا

جمعرات 21 جنوری 2021 23:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جنوری2021ء) صوبائی حکومت کن تاریخوں میں الیکشن کا انعقاد چاہتی ہے،الیکشن کمیشن نے آئندہ اجلاس 15 روز کے بعد طلب کر لیا ۔الیکشن کمیشن آف پاکستان کا ایک اہم اجلاس الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں ممبران الیکشن کمیشن ، وزیرقانون حکومت پنجاب ،سیکرٹری الیکشن کمیشن ، پنجاب حکومت اور خبیر پختونخوا ہ کے علاوہ الیکشن کمیشن کے دیگر افسران نے شرکت کی۔

اجلاس صوبہ پنجاب اور خبیر پختونخواہ میں مقامی حکومتوں کے انتخابات کے انعقاد سے متعلق تھا جو مورخہ 6 جنوری 2021 کو ہونے والے اجلاس کے تسلسل میں ہوا۔ جس میں حکومت پنجاب کو ہدایت کی گئی تھی کہ 15 دن کے اندر بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کی تاریخ سے الیکشن کمیشن کو آگاہ کرے اور 10 جنوری 2021تک ویلج و نیبر ہوھڈ کونسل کے ناموں کی اشاعت کر کے الیکشن کمیشن کو اس کی تفصیل دیں تاکہ الیکشن کمیشن ابتدائی حلقہ بندیوں کی اشاعت کر سکے۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن کو بتایا گیا کہ الیکٹورل گروپس کی رجسٹریشن کے لئے مجاز افسران اور ان کی طرف سے درخواستوں کی منظوری / نامنظوری کے خلاف سماعت کے لئے مجاز افسران کے تقرر کا نوٹیفکیشن مورخہ 15 جنوری 2021 کردیا گیاہے۔ جبکہ الیکٹورل گروپس کی رجسٹریشن کا شیڈول الیکشن کمیشن کی باضابطہ منظوری کے بعد جاری کرد یا جائیگا۔ صوبہ خبیر پختونخواہ کے 6 اضلاع میں حلقہ بندیوں کا کام جاری ہے جبکہ ضلع پشاور میں صوبائی حکومت کی طرف سے تحصیل وائز ویلج/ نیبر ہوھڈ کونسل کانوٹیفکیشن نہ ہونے کی وجہ سے حلقہ بندی شروع نہ ہوسکی ہے جبکہ کنڈکٹ آف الیکشن رولز کا نوٹیفکیشن بھی ابھی تک حکومت خیبر پختونخواہ نے جاری نہ کیا ہے۔

وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت صاحب نے الیکشن کمیشن کو بتایا کہ پنجاب حکومت بلدیاتی انتخابات ستمبر 2021ء تک کروانے کا تجویز کرتی ہے مزید 15دن کے اندر ویلج پنچائیت / نیبر ہوھڈ الیکشن کے لئے بھی ضروری تفصیلات الیکشن کمیشن کو مہیا کر دی جائے گی۔ الیکشن کمیشن نے اس پر ہدایت جاری کی کہ مقررہ مدت میں ضروری معلومات مہیا کی جائیں۔ تاکہ مقامی حکومتوں کے انتخابات کی تاریخ کا تعین الیکشن کمیشن کر سکے۔

پنجاب حکومت کی تجویز کی روشنی میں الیکشن کمیشن اگلے ہفتے الیکشن کی تاریخ کا فیصلہ کرے گا۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ خبیر پختونخوا ہ نے آگاہ کیاکہ بورڈ آف ریونیو سے پشاور کی تحصیل حدود کا نوٹیفکیشن موصول ہو گیا ہے اور اس پر جلد ہی تحصیل وائز ویلج / نیبرہوھڈ کونسل کی تعدادکا نوٹیفکیشن کر دیا جائے گا۔ مزید برآں کنڈکٹ آف الیکشن رولز 2020صوبائی کابینہ کو ارسال کر دیئے گئے ہیں اور امید ہے کہ آئندہ ہونے والے اجلاس میں کابینہ سے ان کی باضابطہ منظوری مل جائے گی۔

الیکشن کمیشن نے اس پر ہدایت جاری کی کہ تمام دستاویزات 15 دن کے اندر مہیا کر دی جائیں۔ کمیشن کے آئندہ اجلاس میں حکومت سے ضروری ہدایات لے کر آئیں کہ صوبائی حکومت کن تاریخوں میں الیکشن کا انعقاد چاہتی ہے۔ الیکشن کمیشن کا آئندہ اجلاس 15 روز کے بعد طلب کر لیا گیا۔