اپوزیشن کا مقصد ہر پلیٹ فارم کا غلط استعمال کرکے نیب کو دبا ئومیں لانا ہے ،سینیٹر شبلی فراز

براڈ شیٹ معاملے پر وزیراعظم عمران خان نے انکوائری کمیٹی قائم کر دی ہے جو ہر پہلو پر تحقیقات کریگی،وفاقی وزیر اطلاعات کی پارلیمنٹ ہائوس میں میڈیا سے گفتگو

جمعرات 21 جنوری 2021 23:40

اپوزیشن کا مقصد ہر پلیٹ فارم کا غلط استعمال کرکے نیب کو دبا ئومیں لانا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جنوری2021ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے اطلاعات کمیٹی میں چیئرمین نیب کی طلبی کو مضحکہ خیزقرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اپوزیشن کا مقصد ہر پلیٹ فارم کا غلط استعمال کرکے نیب کو دبا ئومیں لانا ہے براڈ شیٹ معاملے پر وزیراعظم عمران خان نے انکوائری کمیٹی قائم کر دی ہے جو 45دنوں میں براڈ شیٹ معاملے سے متعلق افراد کرداروں وزراوکلاکی تحقیقات کرے گی ۔

وہ جمعرات کو پارلیمنٹ ہائوس میں قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ۔وفاقی وزیر سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ اپوزیشن کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ وہ ہر پلیٹ فارم کو استعمال کرتے ہوئے قومی احتساب بیورو(نیب)کو دبائو میں لائے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اپنی مرضی کی چیزوں کو علیحدہ سے دیکھنا چاہتی ہے لیکن براڈشیٹ معاملہ سامنے آنے کے بعد انکوائری کمیٹی قائم کر دی گئی ہے جو ہر پہلو پر تحقیقات کریگی۔

انہوں نے کا کہ براڈ شیٹ کا معاملہ ہمارے دور کا نہیں ہے بلکہ یہ تو 2000کا معاملہ ہے لیکن ابھی منتج ہوا ہے براڈ شیٹ کے تمام کرداروں کو بے نقاب کیا جائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی انتظامیہ کے معاملے پر عدالتی فیصلے پر من و عن عمل کر رہے ہیں پی ٹی وی کا نیا بورڈ آئندہ 15دنوں میں بننا چاہیے کیونکہ اس کی وجہ سے ادارے کی کارکردگی متاثر ہوگی ۔