اسرائیل کو تسلیم کرنے کے حوالے سے الزام لگا کر فضل الرحمان صرف خود کو چاچا خواہ مخواہ ثابت کر رہے ہیں‘ فیاض الحسن

اپنی سازشوں سے پی ڈی ایم ملک میں خطرناک ماحول پیدا کر رہی ہے ‘ صوبائی وزیر جیل خانہ جات کی پریس کانفرنس

جمعرات 21 جنوری 2021 23:40

اسرائیل کو تسلیم کرنے کے حوالے سے الزام لگا کر فضل الرحمان صرف خود کو ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جنوری2021ء) وزیر جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان بارہا دو ٹوک الفاظ میں اقوام متحدہ سمیت دنیا کے ہر فورم پر اپنا موقف دہرا چکے ہیں کہ جب تک فلسطین اور بیت المقدس کو اسکا آئینی حق نہیں مل جاتا، پاکستان اسرائیل کو تسلیم نہیں کرے گا۔ ان خیالات کا اظہار وزیر جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے ڈی جی پی آر آفس میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا۔

انہوںنے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے ایک محب اسلام لیڈر کا ثبوت دیتے ہوئے ایک ایسی تقریب میں بطور مہمان خصوصی جانے سے انکار کر دیا تھا جس میں ملعون سلمان رشدی کو بھی مدعو کیا گیا تھا۔ ایسے لیڈر پر اسرائیل کو تسلیم کرنے کے حوالے سے الزام لگا کر مولانا فضل الرحمان صرف خود کو چاچا خواہ مخواہ ثابت کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ حق چار یار کے نظام پر بنائی جماعت کے دعویدار مولانا فضل الرحمان کے خاندان کے دو درجن سے زائد افراد موروثی سیاست سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔

بیگم صفدر اعوان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے سامنے کی گئی جلسی میں وزیراعظم عمران خان پر بی جے پی رہنما اندرجیت دوسانجھ کے ذریعے فنڈنگ کا الزام لگانے والی بیگم صفدر اعوان شاید بھول گئیں کہ انکی بیٹی کی شادی پر بھارتی شہر گجرات میں ہزاروں مسلمانوں کا خون بہانے والا بی جے پی رہنما اور موجودہ وزیراعظم نریندر مودی اور پاکستان کی سلامتی کے خلاف سازشیں کرنے والا اجیت دیول شریک تھا۔

انہوں نے مزید کہا بائیس کروڑ عوام اب پی ڈی ایم کے جھانسے میں نہیں آئیں گے۔ اپنی سازشوں سے پی ڈی ایم ملک میں خطرناک ماحول پیدا کر رہی ہے لیکن سب جان لیں! وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت ختم نبوت، ناموس رسالت اور پاکستان کی نظریاتی سرحدوں کی حفاظت پر کوئی سودے بازی نہیں کرے گی۔