امریکی پارلیمنٹ پر حملہ اور ہنگامہ آرائی میں روسی صدر ملوث تھے، ہیلری کلنٹن

نینسی پلوسی اور ہیلری کلنٹن نے امریکی دارالحکومت میں فسادات میں کردار ادا کرنے پر روسی صدر کیخلاف شفاف تحقیقات کا مطالبہ کردیا

Shehryar Abbasi شہریار عباسی جمعہ 22 جنوری 2021 01:02

امریکی پارلیمنٹ پر حملہ اور ہنگامہ آرائی میں روسی صدر ملوث تھے، ہیلری ..
واشنگٹن (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21 جنوری 2021ء) امریکی پارلیمنٹ کی اسپیکر نینسی پلوسی اور سابق امریکی وزیر خارجہ ہیِلری کلنٹن نے امریکی پارلیمنٹ پر حملے اور ہنگامہ آرائی میں روسی صدر کے ملوث ہونے کا الزام عائد کردیا ۔ امریکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سابق امریکی وزیر خارجہ ہیِلری کلنٹن اور امریکی پارلیمنٹ کی اسپیکر نینسی پلوسی نے امریکی پارلیمنٹ کیپیٹل ہل کی عمارت پر حملے کا الزام روسی صدر ولادیمیر پیوٹن پر لگاتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی دارالحکومت میں فسادات میں کردار ادا کرنے پر شفاف تحقیقات کی جائیں ۔

دونوں امریکی شخصیات نے روسی صدر پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ روسی صدر نے ذاتی طور پر امریکی درالحکومت میں فسادات اور کانگریس پر حملے کا حکم دیا جس سے پوری دنیا میں امریکا کی جگ ہنسائی ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق امریکی ایوان کی اسپیکر نے پوڈ کاسٹ پر2016 کی ناکام امریکی صدارتی امیدوار ہیلری کلنٹن کے ساتھ ایک خصوصی انٹرویو کیا جہاں انہوں نے ماہ جنوری کے شروع میں واشنگٹن ڈی سی میں فسادات افراتفری اور امریکی کانگریس پر حملے بارے تبادلہ خیال کیا۔

اپنے انٹرویو میں ہیلری کلنٹن کا کہنا تھا کہ 6جنوری کو ہونے والے دارالحکومت فسادات کی تحقیقات کے لئے نائن الیون طرز کا کمیشن بنایا جائے، انہوں نے الزام عائد کیا کہ ڈونلڈ ٹرمپ اپنے دور حکومت میں کسی دوسرے ایجنڈے پر کام کررہے تھے۔ گفتگو کے دوران ایک موقع پر ہیلری کلنٹن نے دعویٰ کیا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پاس دوسرے ملک کے ایجنڈے ہیں۔ نینسی پلوسی سے گفتگو کرتے ہوئے ہیلری کلنٹن نے شک کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمان میں ہنگامہ آرائی کی تحقیقات میں ڈونلڈ ٹرمپ کا فون ریکارڈ بھی چیک کیا جائے کہ وہ روسی صدر سے رابطے میں تھے یا نہیں ۔