سعودی عرب میں ایک ہفتہ پر محیط گرینڈ میوزک کنسرٹ کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں

OASIS الریاض کنسرٹ میں سعودی، خلیجی اور دیگر ممالک کے درجنوں فنکار شائقین کو محظوظ کریں گے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 22 جنوری 2021 11:36

سعودی عرب میں ایک ہفتہ پر محیط گرینڈ میوزک کنسرٹ کی تیاریاں عروج پر ..
ریاض (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔22جنوری2021ء) آج کا سعودی عرب ایک بدلا ہوا سعودی عرب ہے۔ آج سے کچھ سال پہلے کوئی تصور بھی نہیں کر سکتا تھا کہ سعودیہ میں میوزک کنسرٹ ہوں گے، ہوٹلز اور ریسٹورنٹس میں ساز بجانے اور گلوکاری کی عادت ہو گی۔ میوزک کالجز کاقیام عمل میں لایا جائے گا۔ تاہم موجودہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے چند سال کے اندر اندر سعودی عرب میں درجنوں اصلاحات نافذ کی ہیں۔

جن کے تحت مملکت میں فلم، تھیٹر، ڈراما، میوزک انڈسٹری اور دیگر فنونِ لطیفہ کو بھر پور ترویج دی جا رہی ہے۔ گزشتہ تین سالوں کے دوران دُنیا کے مشہور گلوکاروں نے بھی اپنی پرفارمنس دی ہے، جن میں راحت فتح علی خان، عاطف اسلم اور کئی بھارتی اور امریکی و یورپی گلوکار بھی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

اب ایک بار پھر سعودی عرب میں میوزک کا بڑا میلہ سجنے جا رہا ہے۔

العربیہ نیوز کے مطابق الریاض میں تفریحی سرگرمیوں کے ضمن میں 'OASIS الریاض' کنسرٹ کی تیاریاں عروج پر ہیں۔ 29 جنوری کو شروع ہونے والے ہفتہ بھر کے کنسرٹ کی پہلی مجلس کا آغاز موسیقار رابح صقر کریں گے۔سعودی عرب میں وزارت ثقافت کے مشیر ترکی آل الشیخ نے بتایا کہ 'OASIS الریاض' کنسرٹ کی پہلی نشست کا آغاز موسیقار رابح صقر کے نغمے سے کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ 'OASIS الریاض' پروجیکٹ کے تحت دارالحکومت میں موسیقی کی سرگرمیاں، تفریحی سرگرمیاں جاری ہیں۔ ان سرگرمیوں کو سعودی عرب کی جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی'روتانا' کی طرف سے تعاون فراہم کیا گیا ہے۔ ہفتہ بھر جاری رہنے والی ان موسیقی محافل میں سعودی عرب، خلیجی ملکوں اور دوسرے ممالک کے موسیقاروں کو اپنے فن کا مظاہرہ کرنے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔الریاض انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے صدر ترکی آل الشیخ نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ 'میں اپنے نوجوان سعودی فنکار بھائیوں اور بہنوں سے کہتا ہوں کی اگر وہ الریاض میں کوئی تفریحی پروگرام کرانا چاہتے ہیں تو 'روتانا' سے تعاون کریں۔ ہم اس کے انعقاد میں ان کی مدد کریں گے'۔