جرائم پیشہ عناصر کا نیا روپ شہریوں کے لیے پریشانی بن گیا ہے،سبین میمن

جمعہ 22 جنوری 2021 14:22

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جنوری2021ء) جوائننگ ہینڈ زویلفیئر آرگنائزیشنJHWO کی چیئر پرسن سبین میمن نے شہر قائد میں جرائم کی وارداتوں میں اضافہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ فوڈ ڈلیوری کی آڑ میں وارداتوں نے شہریوں کو نئی پریشانی میں مبتلا کردیا ہے۔ اس کی روک تھام کے لیے فوری اقدامات نہ اٹھائے گئے تو عوام الناس کے لیے خطرات بڑھ جائیں گے ۔

(جاری ہے)

سبین میمن نے حکومت سے فوڈ ڈلیوری موٹر سائیکلز سواروں کی ڈبل سواری پر پابندی عائدکرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ مختلف ادوار میں کراچی کے لوگوں پر مجرموں کی سفا کانہ سرگرمیاں عذاب کی طرح مسلط رہی ہیں۔دہشت گردی،عصبیت ، کوٹہ سسٹم اور مردم شماری کے غلط اعداد و شمار سے متاثرہ افراد بری طرح رل رہے ہیں جبکہ مسلسل مہنگائی و بے روزگاری نے شہر قائد کے باسیوں کی کمر توڑ رکھی ہے۔

JHWOکی چیئر پرسن نے کہا کہ کراچی،پاکستان کا معاشی حب ہے۔یہاں کی آمدنی پورے ملک کے استحکام میں معاون ہے۔یہ منی پاکستان ہے اور ملکی امن کراچی کے شہریوں کو امان سے مشروط ہے ،اس لیے ضروری ہے کہ وفاقی و صوبائی حکومتیں اس حقیقت کا ادراک کرتے ہوئے شہر کے امن کے لیے اقدامات کو اپنی ترجیحات میں اولیت دیں۔