سعودیہ، افغانستان کے درمیان سائنس و تعلیم کے شعبوں میں تعاون کی یادداشت پر دستخط

مفاہمتی یادداشت طلبہ وفود وار سائنسی کلبوں کو دونوں ملکوں میں منعقد سرگرمیوں اور پروگراموں میں شرکت کا موقع فراہم کرے گی

جمعہ 22 جنوری 2021 16:05

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جنوری2021ء) سعودی عرب کے وزیر تعلیم ڈاکٹر حمد بن محمد آل الشیخ اور افغان وزیر خارجہ محمد حنیف اتمر نے سائنس اور تعلیم کے شعبے میں تعاون کی ایک یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔ عرب ٹی وی کے مطابق دونوں ملکوں کی وزارت تعلیم کے درمیان اس یادداشت پر دستخط ہوئے۔

(جاری ہے)

یادداشت میں جن امور کی حوصلہ افزائی کی گئی ہے ان میں دونوں ملکوں میں تعلیم کے شعبے کے ذمے داران کے دوروں کا تبادلہ، طلبہ وفود کا تبادلہ، تعلیم و تربیت کے مختلف شعبوں میں معلمین اور تعلیمی نگرانوں کی تربیت کے خصوصی پروگرام اور منصوبے اور عام تعلیم کے مراحل میں تدریسی سرٹفکیٹس اور ڈگریوں کی مساوات شامل ہے۔

یہ مفاہمتی یادداشت طلبہ وفود وار سائنسی کلبوں کو دونوں ملکوں میں منعقد سرگرمیوں اور پروگراموں میں شرکت کا موقع فراہم کرے گی۔علاوہ ازیں عام تعلیم میں نجی سیکٹر کی سرمایہ کاری کے تجربات اور دونوں جانب سے عربی زبان کی تعلیم کی حمایت اور حوصلہ افزائی کرے گی۔یہ سمجھوتا دونوں ملکوں کے بیچ دوستی پر مبنی تعلقات کو مضبوط تر بنانے کی کڑی ہے۔ یاد رہے کہ 26 اپریل 2013 کو قازقستان کے شہر الماتا میں سعودی عرب اور افغانستان کے درمیان تعاون کے ایک معاہدے پر دستخط ہوئے تھے۔