عرب لیگ کی یہودیوں کے 2500 گھروںکی تعمیر کے اعلان کی شدید مذمت

فلسطینی علاقوں میں قابض اسرائیل کی طرف سے گھروں کی تعمیر کا منصوبہ جلد زوال پذیر ہوگا،بیان

جمعہ 22 جنوری 2021 16:06

قاہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جنوری2021ء) عرب لیگ نے اسرائیل کی طرف سے بیت المقدس اور غرب اردن میں یہودی آباد کاروں کے لیے 2500 گھروں کی تعمیر کے اعلان کی شدید مذمت کی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق عرب لیگ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ فلسطینی علاقوں میں قابض اسرائیل کی طرف سے گھروں کی تعمیر کا منصوبہ جلد زوال پذیر ہوگا۔

عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل کے معاون خصوصی برائے فلسطین سعید ابو علی نے کہا کہ قابض اسرائیل فلسطینی علاقوں میں یہودی آباد کاری کا عمل جاری رکھ کر بین الاقوامی قوانین اور قراردادوں کی عملی خلاف ورزی کررہی ہے۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ فلسطینی علاقوں میں یہودی آباد کاری روکنے لیے موثر اقدامات کرے اور اسرائیل کو توسیع پسندانہ منصوبوں پرعمل درآمد سے روکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ فلسطینی علاقوں میں یہودی بستیوں کی تعمیر اور توسیع کر کے اسرائیل بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزیاں اورخطے میں پائیدار امن کے قیام کی کوششوں کو تباہ کر رہا ہے۔خیال رہے کہ اسرائیلی حکومت نے گذشتہ روز فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے اور بیت المقدس میں یہودی آباد کاروں کے لیے 2500 گھروں کی تعمیر کا اعلان کیا تھا۔ عرب لیگ اور عالمی سطح پر اسرائیل کے اس اعلان کی شدید مذمت کی جا رہی ہے اور اسے دو ریاستی حل کی راہ میں ایک بڑی رکاوٹ قرار دیا جا رہا ہے۔