مقبوضہ جموںوکشمیر ، بھارتی یوم جمہوریہ کو یوم سیاہ کے طورپر منانے کے حوالے سے پوسٹر چسپاں

جمعہ 22 جنوری 2021 17:32

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جنوری2021ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میںوارثین شہداء نے سرینگر اوردیگر علاقوں میں پوسٹر چسپاں کیے ہیں جن میں لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ بھارتی یوم جمہوریہ کو یوم سیاہ کے طورپر منائیںاور اس روز مکمل ہڑتال کریں۔

(جاری ہے)

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق سرینگر کی تاریخی جامع مسجد کے مرکزی دروازے اور دیگر علاقوں میں چسپاں کیے جانے والے پوسٹروں میں تحریر کیا گیا ہے کہ بھارت کو یہ دعویٰ کرنے کا کوئی حق نہیں کہ وہ ایک جمہوری ملک ہے کیونکہ وہ گزشتہ سات دہائیوں سے زائد عرصے سے کشمیریوں کو انکا جمہوری حق ، حق خود ارادیت دینے سے انکاری ہے ۔

پوسٹروں میںلکھا ہے کہ اگر بھارت جمہوریت پر یقین رکھتا تو وہ کشمیریوں کو حق خود ارادیت دینے سے کبھی انکار نہیں کرتا ، بیگناہ کشمیریوںکو کبھی قتل نہیں کرتا اورنا ہی مقبوضہ علاقے میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کی کوشش کر تا ۔ پوسٹروں میں مزید تحریر ہے کہ اگر بھارت واقعی ایک جمہوری ملک ہوتا تو وہ کشمیریوں سے ہرگز انکی شناخت نہیں چھینتا اور کشمیر ی خواتین کو آبروریزی کا نشانہ نہ بناتا۔