”سعودیہ نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے، اس خلوص اور تعاون پر سعودی قیادت کے مشکور ہیں“

سعودی فلاحی تنظیم نے پسماندہ پاکستانی علاقوں میں ہزاروں غریبوں کے لیے 20 ٹرکوں پر ’ونٹر ریلیف پیکیج بھجوا دیا، تقریب میں وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 22 جنوری 2021 17:03

”سعودیہ نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے، اس خلوص اور تعاون ..
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔22جنوری2021ء) سعودی عرب پاکستان کا سچا اور دیرینہ دوست ہے۔ جس نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان اور پاکستانی عوام کی مدد کی ہے۔ چاہے وہ جنگ کا موقع ہو یا کوئی قحط، آفت یا دہشت گردی کی جنگ۔ سعودی حکومت کی جانب سے ہر موقع پر پاکستان کو اخلاقی، سفارتی اور مالی امداد مہیا کی گئی ہے۔ اسی وجہ سے پاکستان اور سعودی عرب کی دوستی لازوال ہے۔

سعودی عرب کے سرکاری فلاحی ادارے کی جانب سے ایک بار پھر ہزاروں پاکستانیوں کے لیے ونٹر ریلیف پیکیج فراہم کر دیا ہے۔ یہ سامان پاکستان کے مختلف پسماندہ علاقوں میں ہزاروں غریب اور مستحق افراد کے لیے بیس ٹرکوں کی صورت میں بھجوایا گیا ہے جس میں 7 ہزار کمبل اور دیگر ضروری سامان کے پیکٹس شامل ہیں۔ رابطہ عالم اسلامی کی جانب سے ریلیف پیکیج بھجوانے کے لیے اسلام آباد میں دار علی بن ابی طالب میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

(جاری ہے)

جس میں پاکستان میں تعینات سعودی سفیر نواف سعید المالکی، رابطہ عالم اسلامی کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر عبدالرحمان الزید، ریجنل ڈائریکٹر سعد مسعود الحارثی اور پاکستان کے وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر نور الحق قادری نے کہا کہ سعودی عرب ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کے کام آیا ہے، زلزلہ، سیلاب یا کوئی اور قدرتی آفت کے دوران پاکستانی عوام کی مدد کرنے والا پہلا ملک سعودی عرب ہی ہوتا ہے۔

اس تعاون، محبت اور خلوص پر پاکستانی عوام اور حکومت سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز ، ولی عہد محمد بن سلمان اور رابطہ عالم اسلامی کے شکر گزار ہیں۔ تقریب کے اختتام پر دار علی بن ابی طالب کے یتیم طلباء میں بھی تحائف تقسیم کیے گئے۔ واضح رہے کہ شاہ سلمان امدادی مرکز کی جانب سے بھی سندھ کے بعد پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا میں موسم سرما کے دوران گرم ملبوسات اور دیگر امدادی اشیاء کی تقسیم کا کام شروع کر دیا ہے۔

مرکز کی جانب سے شانگلہ کے رہائشیوں میں گرم کپڑے، لحاف اور دیگر ضروری سامان کی تقسیم جاری ہے۔ خیبر پختونخوا میں امدادی اشیاء کی تقسیم کے تیسرے مرحلے کے تحت ضرورت مندوں میں 254 پیکٹ تقسیم کیے گئے ، جن سے 1,525 افراد کو فائدہ ہو گا۔ اس سے قبل مستحق گھرانوں میں گرم کپڑوں، لحاف، کمبل اور دیگر اشیاء پر مشتمل 244 پیکٹ تقسیم کیے گئے تھے۔