عمران فرحت کے 23 سالہ طویل کیرئیر کا اختتام 26 جنوری کو ہوگا

ٹیسٹ اوپنر اب کوچنگ میں نام بنانے کے خواہاں ہیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 22 جنوری 2021 17:09

عمران فرحت کے 23 سالہ طویل کیرئیر کا اختتام 26 جنوری کو ہوگا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 22 جنوری 2021ء ) ٹیسٹ کرکٹر عمران فرحت 23 سالہ طویل ترین کیرئیر میں 26 جنوری کو خیبر پختونخواہ کے خلاف اپنا آخری پروفیشنل میچ کھیلیں گے۔ پاکستان کپ میں 38 سالہ عمران فرحت بلوچستان ٹیم کی قیادت کررہے ہیں ۔ عمران فرحت نے 2001ء سے 2013ء کے دوران 40 ٹیسٹ میچوں میں 3 سنچریوں اور 14 نصف سنچریوں کی مدد سے 2400 رنز سکور کئے، اوپنر نے 58 ایک روزہ میچوں میں ایک سنچری اور 13 نصف سنچریوں کی مدد سے 1719 رنز بنائے، 2010ء سے 2011ء کے دوران 7 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز میں عمران فرحت صرف 76 رنز بنا پائے۔

(جاری ہے)

عمران فرحت نے 99-1998ء سے اب تک 230 فرسٹ کلاس میچوں میں 42.83 کی اوسط سے 15790 رنز سکور کیے جس میں 38 سنچریاں اور 72 نصف سنچریاں شامل تھیں۔ 220 لسٹ اے میچز میں ان کے رنز کی تعداد 7401 ہے جو انہوں نے 35.92 کی اوسط سے بنائے، انہوں نے اب تک 14 لسٹ اے سنچریاں اور 38 نصف سنچریاں بھی بنا رکھی ہیں ۔ عمران فرحت نے 69 ڈومیسٹک ٹی ٹونٹی مقابلوں میں 2 سنچریوں اور 8 نصف سنچریوں کی مدد سے 1636 رنز سکورکر رکھے ہیں ۔ عمران فرحت نے 2 ماہ قبل ہی ہر قسم کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے اپنے فیصلے سے پی سی بی کو آگاہ کردیا تھا۔ عمران فرحت اب کوچنگ میں نام بنانے کے خواہش مند ہیں۔