وزیر ریلویز اعظم خان سواتی سے ریلوے کی ٹریڈ یونینز کے وفود کی ملاقات

ریلوے کو بہتر کرنے میں میرا ساتھ دیں چھ مہینے میں اسی رولنگ سٹاک سے بہتری لاکر دکھائو گا‘اعظم خان سواتی اچھے کام پر مزدوروں کو انعام دوں گا ملازمین کا اوور ٹائم ختم نہیں کیا بغیر کام کے کوئی اوور ٹائم نہیں دیا جائے گا‘وفاقی وزیر ریلوے

جمعہ 22 جنوری 2021 19:07

وزیر ریلویز اعظم خان سواتی سے ریلوے کی ٹریڈ یونینز کے وفود کی ملاقات
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جنوری2021ء) وفاقی وزیر ریلوے محمد اعظم خان سواتی نے کہا ہے کہ ریلوے کو بہتر کرنے میں میرا ساتھ دیں چھ مہینے میں اسی رولنگ سٹاک سے بہتری لاکر دکھائو گا، اچھے کام پر مزدوروں کو انعام دوں گا ملازمین کا اوور ٹائم ختم نہیں کیا بغیر کام کے کوئی اوور ٹائم نہیں دیا جائے گا۔وفاقی وزیر ریلویز محمد اعظم خان سواتی سے پاکستان ریلوے کی ٹریڈ یونینز کے وفود کی ریلوے ہیڈکوارٹرز آفس لاہور میں ملاقات کی ۔

یونینز وفود میں شامل عہدیداروں نے وزیر ریلویز محمد اعظم خان سواتی کو ریلوے ملازمین کے مسائل اور ریلوے کے نظام کو بہتراور منافع بخش بنانے کے حوالے سے تجاویز پیش کیں۔اس موقع پروزیر ریلویز محمد اعظم خان سواتی نے یونینزوفود کو ریلوے ملازمین کے جائز مطالبات اور مسائل کو حل کرنے کی یقین دہانی کروائی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہماری بنیادی ذمہ داری ٹرین آپریشن چلانا ہے جس پر پوری توجہ دے رہے ہیں۔

محکمہ کی بہتری اور منافع بخش بنانے کے حوالے سے جو بھی تجاویز ہوں گی ان پر ضرور غور کیا جائے گا۔ کرپشن کے خاتمے کے لئے میرے دروازے ہر وقت کھلے ہیںآپ لوگ میرا ساتھ دیں ۔اب ریلوے میں سیاست نہیں ہو گی بلکہ خدمت ہو گی۔ مزدوروں کے ساتھ ساتھ افسروں کو بھی ایک ساتھ لیکر چلنا ہے ۔ بعد ازاں وفاقی وزیر ریلوے محمد اعظم خان سواتی نے ریلوے کے شعبہ کیٹرنگ سے وابسطہ کام کرنے والے ٹھیکداروں سے ملاقات کی جس میں انہوں نے ان کے جائز مطالبات اور شکایات سنیں اور موقع پر ہی ان کے ازالے کے لئے انہیں یقین دہانی کروائی ۔

اس موقع پر وزیر ریلوے نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ا ب کوئی افسر آپ کے ساتھ کمیشن لینے کا سوچ بھی نہیں سکے گا۔ آپ کا براہ راست میرے ساتھ رابطہ رہے گا۔ میں ایسا سسٹم لا رہا ہوں جس میںشکایات کا فوری ازالہ ممکن ہو سکے گا۔ وزیر ریلوے نے کیٹرنگ ٹھیکیداروں کی ریلوے میں ٹھیکہ نہ ملنے کی صورت میں سیکورٹی کی مد میں پڑی رقم کو ایک ہفتے میں ادا کرنے کا بھی وعدہ کیا ۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ ایسا کنٹریکٹ تیار کیا جائے جس میں انہیں تمام سہولتیں دی جائیں گی جو کنٹریکٹ کا حصہ ہوں اور ہم اس کے پابند ہوںگے۔ کوئی پولیس اہلکار یا ریلوے ملازم آئندہ آپ سے مفت میں کوئی چیز نہیں کھائے گا اور نہ ہی ناجائز آپ کے کام میں مداخلت کرسکیں گے۔بعدازاں وفاقی وزیر ریلوے اعظم خان سواتی نے رائل پام گالف اینڈ کنٹری کلب کا دورہ کیا۔

دورے کے دوران رائل پام گالف اینڈ کنٹری کلب کی انتظامیہ نے وفاقی وزیر کو رائل پام کو سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق چلانے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ وفاقی وزیر ریلوے نے رائل پام مینجمنٹ کمیٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ بزنس مین کے لیے آسانی پیدا کریں اسے سہولت دیںاور تبھی آپ کی زمینیں کمرشل بنیادوں پر چل سکیں گی۔ آپ مجھے تجاویز دیں میں آپ کے بزنس پلان میں اپنا حصہ ڈالوں گا اس کی مکمل کمرشل ایکپلائٹیشن کے لیے ہرممکن کوشش کرتارہوں گا۔

بریفنگ کے دوران چیف ایگزیکٹوآفیسر پاکستان ریلویز نثار احمد میمن، ایڈیشنل جنرل منیجر ٹریفک سید مظہر علی شاہ، ایڈیشنل جنرل منیجرشاہ رخ افشار، ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ لاہور ڈویژن عامر نثار چوہدری، مشیر وزیرریلوے دستگیر بلوچ چیف کمرشل منیجر پسنجر فاروق اقبال اور رائل پام وائس پریزیڈنٹ احمد سعید اقبال ملک بھی موجود تھے۔