سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ میں کام کرنے والے ڈی ایم سیز ملازمین کو قانونی مراعات دی جائیں،ملک نواز

جمعہ 22 جنوری 2021 19:28

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جنوری2021ء) میونسپل ورکرز ٹریڈ یونینز الائنس کے صدر سید ذوالفقار شاہ ، جنرل سیکریٹری ملک نواز نے کہا ہے کہ سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے قیام سے لے کر ابھی تک ڈی ایم سیز سے ڈیپوٹیشن پر 7 سال کیلئے آنے والے ملازمین کو معاہدے کے تحت کوئی مراعات نہیں دی جارہی ہیں۔ جس سے ملازمین مایوسی کا شکار ہوگئے ہیں۔

ملازمین کی اکثریت 60 سال کی عمر کو پہنچنے پر دھڑادھڑ ریٹائر ہورہے ہیں۔ ان کی جگہوں پر بھرتی بھی نہیں کی جارہی ہے۔ چائنیز کمپنی صرف مخصوص علاقوں کیلئے اپنی لیبر فراہم کرتی ہے جبکہ دیگر علاقوں کے سینیٹری ورکرز کے ساتھ غیر انسانی سلوک روا رکھا جارہا ہے۔ 25 فیصد اضافی الائونس کیلئے بھی بار بار ایم ڈی سولڈ ویسٹ سے ملاقاتیں کرنی پڑتی ہیں۔

(جاری ہے)

ملازمین کی حاضریاں بلاجواز کاٹی جارہی ہیں۔ جبکہ افسران کے چہیتے ورکرز آج بھی عیش کررہے ہیں۔ سیاسی اثر و رسوخ رکھنے والے ملازمین اور افسران بھتہ خوری میں مصروف ہیں۔ سرکاری گاڑیاں مرمت نہ ہونے کے باعث مرحلے وار ناکام ہورہی ہیں۔ ان کی مرمت کا بندوبست نہ کرکے معاہدے کی خلاف ورزی کی جارہی ہے۔ ملازمین کو علاج معالجے کی تاحال کوئی سہولت میسر نہیں ہے۔

حادثے کی صورت میں اپنا علاج خود کروانا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افسران کو بلیک میلنگ کرنے والے عناصر سرگرم ہیں اور وہ اپنے مخصوص مقاصد حاصل کرنے کیلئے لیبر کو استعمال کررہے ہیں۔ انہوں نے کام کرنے والے عملے کو ہدایت دی کہ وہ اپنی ڈیوٹیوں کی انجام دہی میں باقاعدگی جاری رکھیں کام کرنے والے عملے کی تنخواہوں میں کٹوتی نہیں ہونے دیں گے۔ کام چور اور بھگوڑوں کی ہرگز حمایت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے ایم ڈی سولڈ ویسٹ سے چارٹر آف ڈیمانڈ پر عملدرآمد کرنے اور قانون کے تحت حاصل مراعات میڈیکل، حج، زیارت مقدسہ، اوجھڑی الائونس (اعزازیہ)، 25 فیصد اضافی الائونس کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔