سینئر وزیر عبدالعلیم خان سے پاکستان میں جرمنی کے سفیر برنہارڈ شلا گیک کی ملاقات

عمران خان خوشحالی کے خواہاں، جرمنی کی ترقی اورکامیابیاں لائق تقلید ہیں :عبدالعلیم خان اہلیان لاہور کی مہمان نوازی شاندار ، جرمنی تعاون میں اضافہ کرے گا :برنہارڈ شلا گیک

جمعہ 22 جنوری 2021 20:17

سینئر وزیر عبدالعلیم خان سے پاکستان میں جرمنی کے سفیر برنہارڈ شلا گیک ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جنوری2021ء) سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان سے پاکستان میں جرمنی کے سفیر برنہادڑ شلا گیک نے ملاقات کی جس میں دونوں شخصیات کے مابین باہمی دلچسپی کے مختلف امور ،دو طرفہ تعاون اور دیگر معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔لاہور میں ہونے والی اس ملاقات میں سینئر وزیر عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور جرمنی کے مابین بالخصوص ٹیکنیکل ایجوکیشن میں مشترکہ منصوبوں کے لئے بہت سکوپ موجود ہے ۔

انہوں نے کہا کہ جرمنی کی ترقی اور بحیثیت قوم اُن کی کامیابیاں بلا شبہ لائق تحسین ہیں جن کے لئے بالخصوص پاکستان کی یوتھ کو آگے آنا چاہیے۔ سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ تعلیم اور صحت کے علاوہ دیگر شعبوں میں بھی پاکستان اور جرمنی کے مابین باہمی تعاون ہو سکتا ہے اور ملک کا سب سے بڑا صوبہ ہونے کے ناطے پنجاب حکومت بھی جرمنی کے ساتھ مل کر کام کر سکتی ہے ۔

(جاری ہے)

عبدالعلیم خان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان ملک کو مضبوط اور خوشحال بنانے کے خواہا ں ہیں اور اُن کے ویژن کے مطابق غربت میں کمی لانے ، صاف اور شفاف نظام وضع کرنے اور خود انحصار ی جیسے دور رس نتائج کے حامل منصوبوں پر کام جاری ہے۔اپنی گفتگو میںعبدالعلیم خان نے جرمن سفیر برنہارڈ شلا گیک کے دورہ لاہور پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے انہیں خیر سگالی کا پیغام دیا اور توقع ظاہر کی کہ اُن کے عرصہ سفارت کے دوران بالخصوص پنجاب کے عوام کے لئے مزید اچھے مواقع پیدا ہوں گے۔

پاکستان میں جرمنی کے سفیر برنہارڈ شلا گیک نے سینئر وزیر پنجاب سے پاک جرمن تعاون کے تحت جاری مختلف منصوبوں پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعاون میں اضافے کے متمنی ہیں اور جرمنی مستقبل میں پنجاب میں تعلیم اور مختلف شعبوں میں اپنا کردار ادا کرے گا ۔جرمن سفیر برنہارڈ شلا گیک نے اپنے دورہ لاہور کو شاندار قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ اہلیان لاہور کی مہمان نوازی کے معترف ہیں اور وہ آئندہ بھی یہاں آتے رہیں گے۔