بھارتی بولر محمد سراج کی والد کی قبر پر حاضری، دھرمیندر جذباتی ہوگئے

جمعہ 22 جنوری 2021 22:20

بھارتی بولر محمد سراج کی والد کی قبر پر حاضری، دھرمیندر جذباتی ہوگئے
ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جنوری2021ء) بالی وڈ اداکار دھرمیندر آسٹریلیا میں شاندار کارکردگی دکھانے والے فاسٹ بولر محمد سراج کے والد کی قبر پر حاضری کے موقع پر جذباتی ہوگئے۔گزشتہ دنوں بھارت کی کرکٹ ٹیم نے آسٹریلیا کو ہوم گراؤنڈ پر ٹیسٹ سیریز میں 1-2 سے شکست دی ہے جبکہ بھارتی ٹیم نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل تھی۔بھارت 1988 کے بعد پہلی ٹیم ہے جس نے آسٹریلیا کو برسبن کے مقام پر ٹیسٹ میچ میں شکست دی ،آخری مرتبہ 1988 میں ویسٹ انڈیز نے آسٹریلیا کو یہاں شکست دی تھی۔

ٹیم کے وطن پہنچنے پر بھارتیوں نے خو ب جشن منایا اور ریلیوں کی صورت میں کھلاڑیوں کو گھر چھوڑنے آئے۔اسی سیریز میں اچھی کارکردگی دکھانے والے فاسٹ بولر محمد سراج بھی شامل ہیں جو 11 نومبر کو ٹیم کے ساتھ آسٹریلیا روانہ ہوئے تاہم 20 نومبر کو ان کے والد کا انتقال ہوا جس پر انہیں بورڈ نے وطن واپس جانے کی اجازت دی تاہم انہوں نے مرحوم والد کا خواب پورا کرنے کیلئے ٹیم کے ساتھ رہنے کو ترجیح دی۔

(جاری ہے)

سراج کے والد بھارتی شہر حیدرآباد میں رکشہ چلاتے تھے اور پھیپھڑوں کے عارضے میں مبتلا ہونے کے باعث انتقال کرگئے تھے تاہم جب ٹیم جیت کر واپس وطن لوٹی تو محمد سراج ائیر پورٹ سے سیدھا والد کی قبر پر پہنچے، پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔محمد سراج کی والد کی قبر پر حاضری کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی اور کئی شخصیات کو جذباتی کرگئی جبکہ انہی شخصیات میں شامل دھرمیندر بھی اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے۔دھرمیندر نے ٹوئٹ میں کہا کہ سراج بھارت کا بیٹا ہے جس پر ہمیں ناز ہے، دل پر والد کی موت کا صدمہ لیے تم وطن کی آن کیلئے میچ کھیلتے رہے اور ایک انہونی جیت وطن کے نام پردرج کرکے لوٹے۔انہوں نے کہا کہ سراج کو والد کی قبر پر دیکھ کر منہ بھر آیا ، انہیں جنت نصیب ہو۔