پیٹرول بم کے بعد بجلی کی قیمتوں میں اضافہ بے حسی اور عوام دشمن سوچ کی عکاس ہے،مسلم لیگ (ن) سندھ

جمعہ 22 جنوری 2021 22:45

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جنوری2021ء) پاکستان مسلم لیگ (ن)سندھ کے صدر شاہ محمد شاہ ،جنرل سیکرٹری ڈاکٹر مفتاح اسماعیل اور سیکرٹری اطلاعات خواجہ طارق نذیر نے کہا ہے کہ پیٹرول بم کے بعد بجلی کی قیمتوں میں اضافہ بے حسی اور عوام دشمن سوچ کی عکاس ہے۔حکومت کے اس اقدام سے غریب عوام کے لئے دو وقت کی روٹی کا حصول مزید مشکل ہو جائیگا۔

جسٹس (ر)عظمت سعید کا براڈ شیٹ-نیب معاہدے میں اہم کردار رہا ہے۔ان سے شفاف و غیر جانبدارانہ تحقیقات کی توقع نہیں۔جمعہ کو جاری مشترکہ بیان میں مسلم لیگی رہنماؤں نے کہا کہ حکومت نے 22 کروڑ عوام پر بجلی گرادی ہے ۔ایک ہفتہ کے دوران، پیٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ غریب عوام کی کمر توڑ کر رکھ دے گا۔قومی صنعتی پیداوار اور برآمدات پر انتہای منفی اثرات مرتب ہونگے۔

(جاری ہے)

غربت، مہنگاء اور بیروزگاری میں مزید اضافہ ہو جائیگا۔حکومت بجلی کی قیمتوں میں اضافہ فوری واپس لے۔براڈ شیٹ کے معاملے پر جسٹس ریٹائرڈ عظمت سعید کی تقرری کو مسترد کرتے ہوئے مسلم لیگی رہنماؤں نے کہا کہ جسٹس (ر) عظمت سعید کا براڈ شیٹ-نیب معاہدے میں اہم کردار رہا ہے۔شوکت خانم اسپتال بورڈ آف گورنرز کے رکن ہیں۔ان کی تقرری مفادات کا ٹکراؤ ہے ۔

پنامہ کیس، جے آئی ٹی کی تشکیل میں ان کا کردار مشکوک اور متنازعہ رہا ہے۔حکومت نے اپنی کرپشن، نااہلی و نالائقی پر پردہ ڈالنے کے لئے من پسند، مشکوک و متنازعہ قاضی کا تقرر کیا ہے۔ان سے شفاف و غیر جانبدارانہ تحقیقات کی توقع نہیں۔اپوزیشن کو بدنام کرنے کی بد نیتی اور مذموم سازش ہے۔ان پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے تقرری مسترد کرتے ہیںاورشفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہیںتاکہ قوم کے 7ارب ڈبونے کے ذمہ داران کو بے نقاب کیا جاسکے۔انہوںنے کہا کہ سپریم اورہائیکورٹ بار ایسوسی ایشنز براڈ شیٹ اسکینڈل کی شفاف و غیر جانبدارانہ کو یقینی بنانے میں اپنا بھرپورآئینی و قانونی کردار ادا کریں