کراچی ،دائو دی بوہرہ کمیونٹی نے بلاتفریق رنگ ونسل ومذہب پاکستان میں تعلیم عام کرنے کے لئے جو اقدام اُٹھایا ہے وہ لائق تحسین ہے،گورنر عمران اسماعیل

جمعہ 22 جنوری 2021 23:19

کراچی ،دائو دی بوہرہ کمیونٹی نے بلاتفریق رنگ ونسل ومذہب پاکستان میں ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جنوری2021ء) گورنرسندھ وچانسلر جامعہ کراچی عمران اسماعیل نے کہا کہ دائو دی بوہرہ کمیونٹی نے بلاتفریق رنگ ونسل ومذہب پاکستان میں تعلیم عام کرنے کے لئے جو اقدام اُٹھایا ہے وہ لائق تحسین ہے ۔ہماری آنے والی نسلوں پر بوہرہ کمیونٹی کا احسان ہے اور اس کا بدلہ آپ دیکھیں گے کہ بہت جلد آپ کے بنائے ہوئے ان انسٹی ٹیوشن کے اندرسے وہ ٹیلنٹ جو پاکستان میں موجود ہے وہ باہر نکلے گاتووہ آپ کو نظر آئے گا اور آپ کو فخرمحسوس ہوگا کہ یہ اُس انسٹی ٹیوٹ سے نکلا ہے جو ہم نے بنایا تھا۔

بوہرہ کمیونٹی ہمارے ملک میں جوکام کررہی اس سے ہر پاکستانی کا سرفخر سے بلند ہوتاہے ،جامعہ کراچی پاکستان کی سب سے بڑی یونیورسٹی ہے اورمختصر بجٹ کے باوجود جامعہ کراچی آج جس مقام پر ہے ہم سب اس پر فخرکرتے ہوئے بتاتے ہیں کہ یہ ہمارے پاکستان کا ادارہ ہے۔

(جاری ہے)

میں جامعہ کراچی کی انتظامیہ ،فیکلٹی اور عملے کو مبارکباد پیش کرتاہوں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ کراچی میں سیدنا مفضل سیف الدین فیکلٹی آف لائ(کلیہ قانون) کا سنگِ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی سے درخواست کی کہ وہ وزیر اعظم کے کامیاب نوجوان پروگرام کے حوالے سے جامعہ کراچی میں ہیلپ ڈیسک قائم کرے۔انہوں نے جامعہ کراچی کے طلبہ کے اسٹارٹ اًپ کے حوالے سے اپنے بھرپورتعاون کا یقین دلایا۔اس موقع پر شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی،ممبرصوبائی اسمبلی ارسلان تاج گھمن ،سدرہ عمران،سعید آفریدی ،محمد علی عزیز،ممبرزسنڈیکیٹ جامعہ کراچی ،روئسائے کلیہ ،صدورشعبہ جات اور بوہری کمیونٹی کے نمائندے موجودتھے۔

جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا کہ برصغیر پاک وہند میں دائو دی بوہرہ جماعت کی خدمات کا اعتراف ہر دور میں کیا گیا ہے۔موجودہ روحانی پیشوا سیدنا مفضل سیف الدین غیر معمولی اوصاف اور عزم صمیم کے حامل شخصیت ہیں جوکہ انسانیت کی بھلائی کے لئے تزویراتی حکمت عملی کے تناظر میں خدمات انجام دے رہے ہیں جو کہ لائق تحسین ہیں۔

جامعہ کراچی میںداودی بوہرہ جماعت کی جانب سے سیدنا مفضل سیف الدین فیکلٹی آف لاء تعمیر کی جارہی جو عصر حاضر حاضر کی تمام جدیدسہولیات سے آراستہ ہوگی۔اس سے قبل مذکورہ جماعت نے جامعہ کراچی میں شعبہ جینیات کی عمارت کو نہ صرف تعمیرکیا بلکہ مطلوبہ تمام ضروریات اور سہولتیں بھی فراہم کیں۔ ڈاکٹر خالد عراقی نے مزید کہا کہ سیدنا مفضل سیف الدین مسلم معاشرے بالخصوص دائودی بوہرہ کمیونٹی کی تعلیمی معاشی اور اسلامی ثقافتی ترقی کے لئے کام کررہے ہیں جس کے مثبت اثرات رونماہوں گے جو انسانیت کے لئے مشعل راہ ہے۔

برصغیر پاک وہند میں دائودی بوہرہ کمیونٹی کی تدریسی، تعلیمی اور تنظیمی خدمات لائق تحسین اور قابل تقلید ہیں۔عام طور پر حکومتیں اور جامعات کو باہم مِل کر بہت سے اہم منصوبہ جات مکمل کرنے کے لیے پبلک پرائیویٹ شراکت داری کی ضرورت پیش آتی ہے۔ یہ عمارت اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ جامعہ کراچی میں ہم نے اسی طرزِ فکر کے نتیجے میں کئی پراجیکٹ قائم اور مکمل کیے ہیں۔

مثال کے طور پر شعبہ اطلاقی کیمیا کو شمسی توانائی پر منتقل کیا جا چکا ہے جب کہ جلد ہی کلیہ فنون و سماجی علوم کو بھی شمسی توانائی کی سہولت سے آراستہ کیا جا ئے گا۔شہرِ کراچی کے مخیر افراد کے تعاون سے کیمپس میں ایم فِل اور پی ایچ ڈی طلبہ و طالبات کے لیے ہاسٹل کی عمارت کا منصوبہ بھی مکمل ہونے کو ہے اور جلد ہی تحقیق سے منسلک طلبہ و طالبات اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے ۔

ہم جامعہ کے ایک بہت اہم منصوبے یعنی میڈیکل کالج کی تعمیر کا کام شروع کرنا چاہتے یں تاکہ ملک بھر سے افراد اس مجوزہ میڈیکل کالج سے تعلیم کے علاوہ علاج معالجے کی سہولیات سے بہرہ مند ہو سکیں اور ایسا میڈیکل کالج ہمارے معاشرے کی اہم ضرورت ہے میں گورنر سندھ سے درخواست کرتاہوں کہ وہ اس سلسلے میں ہماری مددکریں۔دائودی بوہرہ کمیونٹی کے شبیرہریانہ والا نے کہا کہ ہم آج ایک تاریخی موقع پر جمع ہوئے ہیں۔

دائودی بوہرہ کمیونٹی نے کراچی کی ترقی کے لئے بڑے اقدامات کئے ہیں اور شہر قائد سے بہت محبت ہے۔ انھوں نے نوجوانوں کی جسمانی اور دماغی صحت کی نشونما کے لئے بے انتہا اقدامات کئے ہیں۔ جامعہ کراچی ہمارے لئے ایک خصوصی درجہ رکھتی ہے کیونکہ ہمارے لوگ جامعہ سے مستفید ہوں گے، یہ ہمارے لئے باعث اعزاز ہے کہ ہم نے شعبہ جینیات جامعہ کراچی کو ایک اسٹیٹ آف دی آرٹ عمارت تعمیر کرکے دی ہے ۔

قرآن کریم نے علم حاصل کرنے پر بہت زور دیا ہے،شہر قائد نے بہترین قانون دان پیدا کئے ہیں مگر ایک مضبوط فیکلٹی آف لا ء کی کمی ہے جس میں تمام جدید سہولیات ہوں جس سے شعبے کے اساتذہ اور طلبہ مستفید ہوں۔ہم جامعہ کراچی کے شکرگزار ہیں کہ انھوں نے اس کارخیر میں حصہ لینے کا موقع فراہم کیا۔ اس سے جامعہ کراچی کے طلبہ کو بڑی سہولت ملے گی۔ہم اس تقریب میں شرکت پر گورنر سندھ کے بھی شکرگزار ہیں اور وائس چانسلر ڈاکٹر خالدمحمود عراقی اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں