لاہور میں 3 بیٹیوں کی ماں کے قتل کا معمہ حل، شوہر کا دوست قاتل نکلا

موٹرسائیکل خریدنے کے لیے دوست کی بیوی کو قتل کر کے زیور لوٹا، ملزم کا انکشاف

Shehryar Abbasi شہریار عباسی جمعہ 22 جنوری 2021 21:43

لاہور میں 3 بیٹیوں کی ماں کے قتل کا معمہ حل، شوہر کا دوست قاتل نکلا
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔ 22 جنوری2021ء) لاہور میں 3 بیٹیوں کی ماں کے قتل کا معمہ حل ہوگیا، شوہر کا دوست قاتل نکلا، ڈی این اے رپورٹ سے ملزم پکڑا گیا، ملزم نے قتل کا اعتراف کرلیا ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق لاہور میں چار ماہ پہلے قتل کی گئی 3 بیٹیوں کی ماں کے قتل کا معمہ حل ہوگیا ہے ۔ پولیس بالآخر اصل قاتل تک پہنچ گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق کوٹ لکھپت میں 3 بیٹیوں کی ماں کو ان کے گھر میں قتل کردیا گیا تھا جس کے بعد خاتون کے رشتہ داروں کی جانب سے خاتون کے شوہر اور سسرالیوں کیخلاف مقدمہ درج ہوا کروایا گیا تھا۔

خاتون کے اہل خانہ نے شک کا اظہار کیا تھا کہ اس کے شوہر اور سسرالیوں نے زیور کے لالچ میں اسے قتل کیا ہے ۔ پولیس کی جانب سے تفتیش کی گئی تو حقائق اس کے برعکس نکلے ۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے بات کرتے ہوئے تفتیشی افسر نے بتایا کہ خاتون کے قتل کے مقدمے میں پولیس نے گھر آنے جانے والوں کے ڈی این اے ٹیسٹ کرائے جسس کے نتیجے میں ایک شخص کا ڈی این اے لاش سے ملنے والے ایک ڈی این اے کے نمونے سے میچ کرگیا جس کے بعد پولیس نے خاتون کے قاتل کو گرفتار کرلیا ہے ۔

خاتون کی لاش سے ملنے والا ڈی این اے مقتولہ کے پڑوسی شاہزیب کا نکلا جو خاتون کے شوہرکا دوست بھی تھا۔ گرفتار کیے گئے ملزم شاہزیب نے اعتراف جرم کرتے ہوئے بتایا کہ اسے ایک موٹرسائیکل خریدنے کے لیے رقم کی ضرورت تھی جس کی خاطر اس نے خاتون کازیور لوٹنے کا منصوبہ بنایا، اس کا مقصد صرف چوری کرنا تھا لیکن کارروائی کے دوران خاتون کا قتل ہوگیا ۔

پوليس کا کہنا ہے کہ ملزم سے مزید تفتیش کی گئی ہے جس کے نتیجے میں واردات کے دوران مقتولہ سے چھینا گیا زیور بھی برآمد کرلیا گیا ہے ۔ واضح رہے کہ اس قتل کا شک خاتون کے شوہر پر کیا جا رہا تھا، جس کے بعد پولیس نے اس کو اپنی نگرانی میں رکھا ہوا تھا ۔ ملزم کی گرفتاری کے بعد خاتون کے شوہر اور سسرالیوں کیخلاف درج مقدمہ ختم کردیا گیا ہے ۔      

متعلقہ عنوان :