پہلی مرتبہ ایک سیاہ فام امریکی کو پینٹاگون کا سربراہ بنا دیا گیا

ریٹائرڈ آرمی جنرل لائیڈ آسٹن سینیٹ کی منظوری کے بعد پہلے سیاہ فام امریکی سیکرٹری دفاع منتخب ہوئے ہیں، انہوں نے 93-2 ووٹ حاصل کیے

Shehryar Abbasi شہریار عباسی جمعہ 22 جنوری 2021 22:40

پہلی مرتبہ ایک سیاہ فام امریکی کو  پینٹاگون کا سربراہ بنا دیا گیا
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔ 22 جنوری2021ء) امریکہ کی نئی انتظامیہ نے پہلی مرتبہ کسی سیاہ فام امریکی کو پینٹاگون کا سربراہ بنا دیا ہے ۔ غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر جو بائیڈن کے قریبی ساتھی سابق فوجی جنرل لائیڈ آسٹن نے امریکی فوج کے محکمہ دفاع کا چارج سنبھال لیا ہے۔ امریکی سینیٹ نے صدر جو بائیڈن کے سیکریٹری برائے دفاع ، جنرل (ر) لائیڈ آسٹن کے نامزد امیدوار کی بطور سیکرٹری دفاع تصدیق کی ہے ، جنرل (ر) لائیڈ آسٹن پینٹاگون کے سربراہ بننے والے پہلے سیاہ فام امریکی ہیں ۔

جنرل (ر) آسٹن کو سینیٹ میں ریپبلکن اور ڈیموکریٹس کی یکساں حمایت حاصل ہوگئی ، جہاں انہیں 93-2 ووٹ ملے ہیں ۔ جنرل (ر) آسٹن نے سابق قائم مقام سکریٹری برائے دفاع کرس ملر کی جگہ لی ہے جو ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ تنازعہ میں سابق وزیر دفاع جم میٹیز کے استعفی دینے کے بعد سے اس عہدے کو سنبھال رہے تھے ۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ امریکی صدر نے عہدہ سنبھالنے کے بعد اپنی کابینہ تشکیل دینا شروع کر دی ہے، اس سے قبل امریکی صدر جوبائیڈن نے صدارت کا منصب سنبھالنتے ہی 17 احکامات پر دستخط کر دئیے ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ امریکی صدر نے بعض مسلم اکثریتی ملکوں کے شہریوں پر امریکا میں امیگریشن پر پابندی ختم کرنے کے بل پر بھی دستخط کر دئیے۔ امریکی صدر کے احکامات کے تحت نوجوان تارکین وطن کو تحفظ دیا جائے گا اور میکسیکو کی سرحد پر دیوار کی تعمیر روک دی جائے گی۔علاوہ ازیں انہوں نے موسمیاتی تبدیلی سے متعلق پیرس معاہدے کو پھر سے بحال کر دیا جب کہ تمام وفاقی املاک پر ماسک لازمی قرار دینے کے بل پر بھی دستخط کر دیے ہیں۔