پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفارتخانے میں کورونا ویکسین لگا دی گئی

سفارت خانے کی جانب سے تمام ملازمین اور عہدے داران کو Covid-19 سے بچاؤ کی ویکسین لگائی گئی ہے، یو اے ای ایمبیسی کا ٹوئٹ

Shehryar Abbasi شہریار عباسی جمعہ 22 جنوری 2021 23:37

پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفارتخانے میں کورونا ویکسین لگا دی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔ 22 جنوری2021ء) وفاقی دارالحکومت میں متحدہ عرب امارات کے سفارت خانے کی جانب سے تمام ملازمین اور عہدے داران کو کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لگادی گئی ہے۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اماراتی سفارتخانے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق معاشرتی ذمہ داری سے وابستگی کی بنیاد اور معاشرے کی صحت کے تحفظ کیلئے کی جانے والی کوششوں میں مؤثر کردار ادا کرنے کیلئے سفارت خانے کے تمام ملازمین اور عہدیداروں کو انسداد COVID-19 ویکسین لگانے کیلئے ایک پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔

سفارتخانے کے مطابق ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) کی جانب سے پاکستان میں سائنو فارم کی تیار کردہ ویکسین کے استعمال کی اجازت کے بعد ویکسینیشن پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) نے چینی کمپنی سائینو فارم کی کورونا ویکسین کے ہنگامی استعمال کی اجازت دے دی ہے۔ رپورٹ کے مطابق چینی ویکسین کے استعمال کی اجازت ڈریپ رجسٹریشن بورڈ نے دی ہے ۔

منظوری کے لیے سائینو فارم نے این آئی ایچ کے ذریعے اجازت کے لیے درخواست دی تھی، جس پر ڈریپ رجسٹریشن بورڈ کا اجلاس ہوا۔ 14 سے 18 جنوری تک جاری رہنے والے اجلاس میں سائنوفارم کی ویکسین کے بارے میں مکمل جانچ پڑتال کے بعد پاکستان میں چینی ویکسین کی منظوری دی گئی ہے۔ اجازت ملنے کے بعد اب چینی کورونا ویکسین پاکستان میں استعمال ہو سکے گی، سائینو فارم نے کورونا ویکسین چینی حکومت کے اشتراک سے تیار کی ہے، اور یہ چینی نیشنل میڈیکل پراڈکٹس ایڈمنسٹریشن سے رجسٹرڈ ہے۔

سائینو فارم کی کورونا ویکسین کی کامیابی کا مجموعی تناسب 79 فی صد ہے، پاکستان نے پہلے فیز کے لیے کورونا ویکسین سائینو فارم سے لینے کا اعلان کیا تھا، پاکستان سائینو فارم سے کورونا ویکسین کی 12 لاکھ ڈوز خریدے گا۔ واضح رہے کہ چین نے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ویکیسن کی لاکھوں خواراکیں تیار کر لیں، شینجن ائیرپورٹ پر ویکیسن کی ترسیل یقینی بنانے کے لیے بھرپور انتظامات کیے جا رہے ہیں۔