Live Updates

ایم کیو ایم نے حلیم عادل شیخ کی درخواست پر دستخط کرنے سے انکار کردیا

سندھ میں اپوزیشن لیڈر کی تقرری کے معاملے پر پی ٹی آئی سندھ نے کوئی مشاورت نہیں کی، رابطہ کمیٹی کے تحفظات سے گورنر سندھ اور اتحادی جماعت تحریک انصاف کو آگاہ کر دیا گیا

Shehryar Abbasi شہریار عباسی ہفتہ 23 جنوری 2021 00:26

ایم کیو ایم نے حلیم عادل شیخ کی درخواست پر دستخط کرنے سے انکار کردیا
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔ 22 جنوری 2021ء) سندھ میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی اتحادی جماعت متحدہ قومی موومنٹ( ایم کیو ایم) نے پی ٹی آئی کے سندھ میں نامزد اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کی درخواست پر دستخط کرنے سے انکار کردیا ہے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ایم کیو ایم کی جانب سے کہا گیا ہے کہ سندھ میں اپوزیشن لیڈر کی تقرری کے معاملے پر پی ٹی آئی سندھ نے کوئی مشاورت نہیں کی ہے۔

اپوزیشن لیڈر کی تقرری پر تحفظات ہیں ۔ ایم کیو ایم نے رابطہ کمیٹی کے تحفظات سے گورنر سندھ اور اتحادی جماعت تحریک انصاف کو آگاہ کر دیا ہے ۔ بتایا گیا ہے کہ ایم کیو ایم کو آج ہونے والی مذاکراتی نشست میں بھی اتحادی کے مؤقف کو اہمیت نہیں دی گئی۔آج گورنر ہاؤس کراچی میں ایم کیو ایم اور تحریک انصاف کے درمیان ایک مذاکراتی نشست ہوئی، جس میں صوبے کے اپوزیشن لیڈر کی تقرری کے معاملے پر ایم کیو ایم نے شدید تحفظات کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ ایم کیو ایم نے رابطہ کمیٹی کے تحفظات سے گورنر سندھ اور اتحادی جماعت تحریک انصاف کو آگاہ کر دیا، ایم کیو ایم نے اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کی درخواست پر دستخط بھی نہیں کیے، جب کہ پی ٹی آئی اورگرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) نے اس پر دستخط کر دیے۔ اپوزیشن لیڈر کے معاملے پر ایم کیو ایم کا مؤقف ہے کہ پیپلز پارٹی کو ٹف ٹائم دینے کے لیے ضروری ہے کہ اپوزیشن لیڈر کسی سینئیر پارلیمنٹیرین کو بنایا جائے، نام پر مشاورت ہونی چاہیے تھی، میڈیا سے نام کا پتا چلا، ہم اتحادی جماعت ہیں، نام کے اعلان کے بعد مشاورت کس بات کی۔

کہا گیا ہے کہ رہنما حزب اختلاف اپوزیشن کا چہرہ ہوتا ہے، پہلے ہی ڈھائی سال نا تجربہ کار اور پارلیمانی سسٹم سے نا واقف شخص کو اپوزیشن لیڈر بنائے رکھا گیا جس سے اسمبلی میں مسائل کا سامنا رہا، حلیم عادل کی شخصیت سے اختلاف نہیں لیکن اپوزیشن لیڈر کے لیے تجربے کار پارلیمنٹیرینز کو نظر انداز کر کے خاطر خواہ نتائج حاصل نہیں کیے جا سکتے۔ یاد رہے کہ تحریک انصاف نے اپوزیشن لیڈر کے لیے درخواست پیر کے روز اسمبلی میں جمع کرانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ کہا گیا ہے کہ اپوزیشن لیڈر اسی جماعت کا ہوگا جس کی اکثریتی نشستیں ہوں گی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات