تحریک لبیک پاکستان کا احتجاج روکنے کے لیے بیک ڈور رابطے شروع کر دئے گئے

معاہدے کی پاسداری نہ کرنے کی صورت میں تحریک لبیک پاکستان نے کارکنوں کو اسلام آباد دھرنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کر دی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 23 جنوری 2021 11:10

تحریک لبیک پاکستان کا احتجاج روکنے کے لیے بیک ڈور رابطے شروع کر دئے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 جنوری 2021ء) : تحریک لبیک پاکستان کا احتجاج روکنے کے لیے بیک ڈور رابطوں کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق قومی اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق وفاقی حکومت نے فرانسیسی سفیر کی ملک بدری کے معاملے پر تحریک لبیک پاکستان کا احتجاج روکنے کے لیے بیک ڈور رابطے شروع کردیئے ۔ ذرائع کے مطابق حکومت اور تحریک لبیک پاکستان کے درمیان معاہدے پر عملدرآمد کی ڈیڈلائن 16 فروری کو ختم ہوگی ۔

رپورٹ کے مطابق حکومت اور تحریک لبیک پاکستان کے مابین ہونے والے معاہدے کی پاسداری نہ کرنے کی صورت میں تحریک لبیک پاکستان نے اسلام آباد دھرنے کے لیے تیاررہنے کی ہدایت کردی ہے۔ ذرائع کے مطابق حکومتی شخصیات نے تحریک لبیک پاکستا ن کی قیادت سے رابطہ کیا ہے اور دھرنا نہ دینے کے متعلق کہا ۔

(جاری ہے)

حکومت کی طرف سے کہا گیا کہ معاہدے پر عملدرآمد کے لیے اقدامات اٹھا رہے ہیں اسی لیے دھرنا نہ دیا جائے جس پر تحریک لبیک پاکستان نے حکومت سے معاہدے پر عملدرآمد کے حقائق سامنے لانے کا مطالبہ کیا ۔

اس ضمن میں حکومتی نمائندوں اور تحریک لبیک پاکستان کے درمیان آئندہ ہفتے لاہور میں مذاکرات کا امکان ہے ۔ یاد رہے کہ تحریک لبیک پاکستان کے اسلام آباد دھرنے کے دوران تحریک لبیک پاکستان اور وفاقی حکومت کے مابین ایک معاہدہ ہوا تھا جس کے مندرجات سینئیر صحافی و تجزیہ کار طلعت حسین نے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں شئیر کیے تھے۔

پہلا نکتہ یہ تھا کہ حکومت فرانس کے سفیر کو دو سے تین ماہ کے اندر پارلیمنٹ سے فیصلہ سازی کے ذریعے ملک بدر کرے گی۔ حکومت اپنا سفیر فرانس میں تعینات نہیں کرے گی۔ فرانس کی مصنوعات کا سرکاری سطح پر مکمل بائیکاٹ کیا جائے گا۔ گرفتار شدہ اسیران ناموس رسالت ﷺ کو فی الفور رہا کیا جائے گا اور بعد میں موجودہ مارچ کے حوالے سے کوئی مقدمہ درج نہیں کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے خلاف فیض آباد پر تحریک لبیک پاکستان کی جانب سے دھرنا دیا گیا تھا جو حکومت اور تحریک لبیک پاکستان کے مابین ہونے والے معاہدے کے بعد ختم ہو گیا تھا۔