زیادہ لسٹ اے سنچریاں ،قومی کرکٹر خرم منظور نے مایہ ناز بلے باز سعید انور کا ریکارڈ برابر کردیا

اوپنر نے ناردرن کیخلاف 26 ویں لسٹ اے سنچری بنائی، سعید انور کا 17 سالہ ریکارڈ برابرکردیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 23 جنوری 2021 11:22

زیادہ لسٹ اے سنچریاں ،قومی کرکٹر خرم منظور نے مایہ ناز بلے باز سعید ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 23 جنوری 2021ء ) قومی ٹیم کے اوپنر خرم منظور نے لسٹ اے کرکٹ میں سب سے زیادہ سنچریاں سکور کرنے کا سعید انور کا 17 سالہ ریکارڈ برابر کردیا ہے ۔ پاکستان کپ میں ناردرن کے خلاف کراچی میں کھیلے گئے میچ میں خرم منظور نے سندھ کی جانب سے 138 گیندوں پر 122 رنز کی باری کھیلی جو ان کے لسٹ اے کیریئر کی 26 ویں سنچری تھی ،اس کے ساتھ ہی وہ پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ لسٹ اے سنچریاں سکور کرنے والے بلے بازوں کی فہرست میں مشترکہ طور پر پہلی پوزیشن پر آگئے ۔

34 سالہ خرم منظور اب تک 153 لسٹ اے میچز کی 152 اننگز میں 53.75 کی اوسط سے 7364 رنز سکور کرچکے ہیں جس میں 26 سنچریاں اور 36 نصف سنچریاں شامل ہیں ۔ لسٹ اے کرکٹ میں پاکستان کیلئے قومی ٹیم کے سابق اوپنر سعید انور 17 سال تک 26 سنچریوں کیساتھ سب سے زیادہ سینکڑے سکور کرنیوالے ملکی بلے باز رہے ۔

(جاری ہے)

سابق قومی کپتان سلمان بٹ 24 سنچریوں کے ہمراہ اس فہرست میں دوسرے نمبر پر موجود ہیں، قومی کپتان بابراعظم نے 22 سنچریاں سکور کرکے تیسری پوزیشن اپنے نام کررکھی ہے ، قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بلے بازکامران اکمل نے 21 سنچریوں کے ساتھ چوتھی پوزیشن سنبھال رکھی ہے ، ایشین بریڈمین ظہیر عباس 19 سنچریاں سکور کرکے 5ویں جبکہ سابق ٹیسٹ اوپنر سلیم الہی 18 سنچریاں سکور کرکے چھٹے نمبر پر موجود ہیں ۔

سابق ٹی ٹونٹی کپتان محمد حفیظ 17 سنچریوں کے ساتھ 7 ویں ، سابق ٹیسٹ کرکٹر اعجاز احمد ، اوپنر احمد شہزاد ، سابق ون ڈے کپتان اظہر علی اور آل رائونڈر شعیب ملک 16،16 سنچریاں سکور کرکے مشتر کہ طور پر 8 ویں اور سابق کپتان محمد یوسف اور رمیز راجہ 15، 15 لسٹ اے سنچریاں سکور کرکے مشترکہ طور پر 9ویں نمبر پر موجود ہیں۔