دنیا کے دوسرے ممالک کی طرح کل پاکستان میں بھی "تعلیم کا بین الاقوامی دن"منا رہا ہے

ہفتہ 23 جنوری 2021 12:30

دنیا کے دوسرے ممالک کی طرح کل پاکستان میں بھی "تعلیم کا بین الاقوامی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جنوری2021ء) "دنیا کے دوسرے ممالک کی طرح آج یعنی 24۔جنوری کو پاکستان بھی "تعلیم کا بین الاقوامی دن"منا رہا ہے۔ یہ دن ہمیں یاد دلارہا ہے کہ تعلیم کے مساوی مواقع فراہم کرنے اور تعلیم کے حصول کے بغیر دنیا سے غربت کا خاتمہ ممکن نہیں ہوگا"اِن خیالات کا اظہار علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم نے تعلیم کے بین الاقوامی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔

پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم نے پاکستانی نوجوانوں پر زور دیا ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ تعلیم حاصل کرکے ملک و قوم کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔اس موقع پر اوپن یونیورسٹی کی تعلیمی خدمات کے بارے میں انہوں نے بتایا کہ ان کی یونیورسٹی ملک سے جہالت کے اندھیروں کو اُجالوں میں تبدیل کرنے کے لئے ملک بھر کے عوام کو تعلیمی سہولیات فراہم کرنے کے لئے کوشاں  ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گذشتہ دو سال کے قلیل عرصے میں اپنے علاقائی کیمپسسز کے نیٹ ورک میں 10۔مزید نئے کیمپسسز کا اضافہ کیا جو ملک کے دور دراز علاقوں کے غریب عوام کو تعلیم دلانے میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ غریب طلبہ کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کے لئے یونیورسٹی اُن کو سکالرشپس دیتی ہے، اس کے علاوہ یونیورسٹی بلوچستان، خیبرپختون خواہ کے فاٹا اضلاع اور گلگت بلتستان کے بچوں کو میٹرک تک مفت تعلیم دے رہی ہے۔انہوں نے کہا خواندگی ملک سے غربت کے خاتمے کے علاوہ خوشحالی، امن، سکون اور ترقی کا باعث بنتی ہے، اس لئے آج ہم اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ پاکستان کے بچے بچے کو خواندہ بنائیں گے۔