ماں کمسن بیٹے کو نالے میں پھینک کر عاشق کے ساتھ فرار ہو گئی

معصوم بچہ پانی میں ڈوب کر جاں بحق ہو گیا، مہوش نے ایک نوجوان سے ناجائز تعلقات استوار کر لیے تھے

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان ہفتہ 23 جنوری 2021 12:32

ماں کمسن بیٹے کو نالے میں پھینک کر عاشق کے ساتھ فرار ہو گئی
سانگلہ ہل (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 جنوری 2021ء) : ماں کمسن بیٹے کو نالے میں پھینک کر عاشق کے ساتھ فرار ہو گئی۔تفصیلات کے مطابق آشنا کے ساتھ فرار ہونے والی خاتون کے کمسن بیٹے کی لاش نالے سے برآمد کر لی گئی۔بتایا گیا کہ چک نمبر 122 پنڈویاں کے رہائشی محمد عمران کی مہوش سے تین سال پہلے شادی ہوئی تھی جس کے بطن سے 9 ماہ پہلے بیٹا پیدا ہوا،ڈونگہ بونگہ کے رہائشی کامران کا ان کے گھر آنا جانا تھا،جس نے مہوش سے ناجائز تعلقات استوار کر لیے۔

5 جنوری کی شب مہوش نے شیر خوار بیٹے کو گندے نالے میں پھینک دیا اور کامران کے ساتھ فرار ہو گئی،بچہ پانی میں ڈوب کر جاں بحق ہو گیا،بچے کی لاش پندرہ روز بعد بھل صفائی کے دوران برآمد ہوئی۔تھانہ صدر پولیس نے مہوش اور اس کے آشنا کامران کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر لیا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب مظفرگڑھ کی تحصیل کوٹ ادو کے علاقے سنانواں میں 5 سالہ ایمن کو مبینہ طور پر گنے کے جوس میں زہریلی شے پلاکر قتل کر دیا گیا۔

بچی کے نانا ملازم حسین کے پولیس کو دیے گئے بیان کے مطابق مرنے والی بچی ایمن کی والدہ کو 5 سال قبل جھگڑے کے بعد اس کے شوہر نے گھر سے نکال دیا تھا، ایمن اس کے بھائی کے گھر ملنے گئی تو وہاں ملزمان آئے ہوئے تھے جنہوں نے اسے گنے کے جوس میں زہریلی شے پلا دی۔ ملازم حسین الزام لگایا کہ اس کی نواسی کو اس کے دادا عاشق حسین اور ان کے رشتہ دار مہتاب اور نواب نے قتل کیا ہے۔

دوسری جانب پولیس ترجمان کے مطابق مرنے والی بچی کے نانا کی مدعیت میں بچی کے دادا اور اس کے 2 رشتہ داروں کے خلاف مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔علاوہ ازیں بدین کے شہر کڈھن کے قریبی گائوں میں شادی شدہ خاتون کا قتل۔ قتل کی وجہ گھریلو تنازع اور بیٹی کی پسند کی شادی ہے۔ بدین کے شہر کڈھن کے قریبی گائوں سومار چانڈیو میں گھریلو تنازع پر خاتون شریفان چانڈیو کو تیز دھار آلے سے قتل کیا گیا. قتل کی اطلاع پر پولیس نے خاتون کی لاش کو صحت مرکز کڈھن منتقل کردیا.مقامی زرائع کے مطابق قتل کی وجہ بیٹی کی پسند کی شادی ہے مقتولہ کے شوہر اور رشتیداروں کو شک تھا کہ بیٹی کی شادی کرانے میں مقتولہ کی مرضی بھی شامل تھی پولیس کے مطابق قتل میں ایک سے زائد ملزمان ملوث ھیں جن کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں ۔