کورونا کیسز میں اضافے کے بعد دُبئی حکومت نے ہنگامی طور پر کئی اہم پابندیاں عائد کر دیں

شادی بیاہ کی تقریبات میں صرف 10 لوگ شریک ہو سکیں گے، ریسٹورنٹس اور کیفیز میں بھی نئی پابندی عائد ہو گئی، جمز اور فٹنس کلب میں بھی سماجی فاصلے کا نیا ضابطہ لاگو ہو گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 23 جنوری 2021 12:42

کورونا کیسز میں اضافے کے بعد دُبئی حکومت نے ہنگامی طور پر کئی اہم پابندیاں ..
دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔23جنوری2021ء) متحدہ عرب امارات میں کورونا کی وبا اس نہج پر آ گئی ہے، جہاں پچھلے پورے ایک سال میں بھی نہیں آئی تھی۔ گزشتہ تین روز سے یومیہ 35 سو سے زائد کورونا کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں۔ جس کے بعددُبئی کے تمام اسپتالوں میں ایک ماہ کے لیے معمولی آپریشنز پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ دو روز قبل تمام ریسٹورنٹس اور ہوٹلز میں تفریحی سرگرمیوں پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی۔

تاہم حکومتی اقدامات کا یہ سلسلہ ابھی تھما نہیں ہے۔ دُبئی حکومت نے مزید ہنگامی نوعیت کے اعلان کیے ہیں۔ دُبئی سپریم کمیٹی برائے کرائسز اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ ریاست کے تمام فوڈ پوائنٹس پر سماجی فاصلے کا نیا ضابطہ لاگو کر دیا گیا ہے جس کے تحت اب میزوں کے درمیان فاصلہ کم از کم 3 میٹر رکھا جائے گا، پہلے یہ فاصلہ 2 میٹر تک رکھنے کی ہدایات تھیں۔

(جاری ہے)

حکمنامے کے مطابق اب ریسٹورنٹس میں ایک ٹیبل پر زیادہ سے زیادہ 7 افرادکے بیٹھنے کی اجازت ہو گی۔ جبکہ پہلے ایک ٹیبل پر 10 افراد کو بیٹھنے کی اجازت تھی۔کسی بھی کیفے میں ایک ٹیبل پرصرف 4 افراد بیٹھ سکیں گے، اس سے زیادہ کو بیٹھنے کی اجازت نہیں ہو گی۔ حکومت کی جانب سے ہوٹلوں اور گھروں میں نجی و سماجی تقریبات اور شادیوں کے حوالے سے بھی اہم پابندی عائد کی گئی ہے۔

نئے حکمنامے کے تحت اب ان تمام قسم کی تقریبات میں صرف 10 افراد ہی شریک ہو سکیں گے۔ شادی کی تقریب میں بھی صرف دس قریبی رشتہ داروں کو شرکت کی اجازت ہو گی۔ دوسری جانب دُبئی اکانومی اور دُبئی سپورٹس کونسل کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ تمام فٹنس سنٹرز اور جمز میں بھی سماجی فاصلے کے ضابطے میں تبدیلی کر دی گئی ہے۔آج کے روز سے ان مقامات پر ورزش کی مشینری و سامان میں 3 میٹر کا فاصلہ رکھا جائے گا۔ پہلے یہ فاصلہ 2 میٹر تک مقرر کیا گیا تھا۔