خواجہ سرائوں کو ہر محکمے میں خصوصی پروٹوکول ملے گا،وزارت انسانی حقوق کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعدسندھ ہائیکورٹ نے درخواست نمٹادی

ہفتہ 23 جنوری 2021 13:38

خواجہ سرائوں کو ہر محکمے میں خصوصی پروٹوکول ملے گا،وزارت انسانی حقوق ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جنوری2021ء) وفاقی کابینہ کی جانب خواجہ سرائوں کے تحفظ اور حقوق ایکٹ کے رولز 2020 کی منظوری کے بعد وزارت انسانی حقوق نے نوٹیفکیشن جاری کردیا، سندھ ہائی کورٹ نے رولز کی منظوری کے درخواست نمٹادی ، اب خواجہ سرائوں کوہرمحکمے میں خصوصی پروٹوکول ملے گا۔تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں خواجہ سرائوں کے تحفظ ،حقوق کے لیے موثرقانون سازی کے معاملے پر سماعت ہوئی ، خواجہ سرائوں کے تحفظ اور حقوق ایکٹ کے رولز 2020 عدالت میں جمع کرادیئے گئے۔

ان رولز میں کہا گیا ہے کہ تم سرکاری دفاترخواجہ سرائوں کیلئے علیحدہ قطاریں بنانے کے پابند ہوں گے، حج وعمرہ کی ادائیگی کیلئے خواجہ سرائوں کوسہولیات دی جائیں گے، حج وعمرہ کی ادائیگی کیلیے وزرات خارجہ کردارادا کرے گی۔

(جاری ہے)

رولز کے مطابق خواجہ سرائوں کے لیے علحیدہ دارالامان بنائے جائیں گے، بے یارومددگارخواجہ سرائوں کوعلحیدہ دارالامان میں رکھا جائے گا جبکہ تمام سرکاری ادارے خواجہ سرائوں کی رہنمائی کیلئے پالیسی بنانے کے پابند ہوں گے۔

ایکٹ کے رولز 2020 میں بتایا گیا کہ اب مرد پولیس اہلکارخواجہ سرائوں کو گرفتارنہیں کرسکیں گے، کسی بھی خواجہ سراکوپولیس کامتعلقہ جنس کا اہلکار ہی گرفتار کرسکے گا، خواجہ سرائوں کی گرفتاری پرعلیحدہ لاک اپ میں رکھا جائے گا جبکہ خواجہ سرائوں کو عدالت، جیل لانے کیلئے علیحدہ پولیس وین استعمال کی جائے گی۔رولز میں کہاگیاہے کہ جیل میں خواجہ سرائوں کے لیے علیحدہ واش روم دیئے جائیں گے اور الگ سیل میں رکھاجائے گا جبکہ مفت قانونی مددفراہم کی جائے گی۔

رولز 2020 کے مطابق خواجہ سرائوں کو مفت تعلیم کے مواقع دیئے جائیں گے، تمام سرکاری اداروں میں خواجہ سرا ملازمت پالیسی بنائی جائے گی، شکایت کی سنوائی کیلئے وفاقی محتسب میں کمشنربرائے خواجہ سراہوگا، خواجہ سرا اپنی شکایت وفاقی محتسب میں کمشنربرائے خواجہ سرا کو ہی دے سکے گا۔رولز میں کہا گیا ہے کہ خواجہ سرائوں کی جنس کوایکس کیٹیگری قراردے دیا گیا ، شناختی کارڈ میں خواجہ سرائوں کی جنس میں ایکس درج ہوگا، خواجہ سرا اپنا ووٹ علیحدہ لائن اور علحیدہ پولنگ بوتھ میں ڈالیں گے، نادرا خواجہ سرائوں کی رہنمائی کیلئے الگ افسر تعینات کرنے کا پابند ہوگا، پاسپورٹ دفاتر میں خواجہ سرائوں کے لیے علیحدہ افسر تعینات کیا جائے گا، ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کیلئے خواجہ سرائوں کی رہنمائی علیحدہ افسرکرے گا۔

وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد وزارت انسانی حقوق نے نوٹیفکیشن جاری کردیا، عدالت نے رولزکی منظوری کے بعد طارق منصورایڈووکیٹ کی درخواست نمٹا دی۔