حکومت اور اپوزیشن کے مابین مذاکرات کی ناکامی کی وجہ احسن اقبال اور پرویز خٹک ہیں

بات چیت کے دوران احسن اقبال اور پرویز خٹک میں تلخ کلامی ہوئی جو مذاکرات کی ناکامی کا سبب بنی، اندرونی کہانی سامنے آ گئی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 23 جنوری 2021 14:12

حکومت اور اپوزیشن کے مابین مذاکرات کی ناکامی کی وجہ احسن اقبال اور ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 جنوری 2021ء) : حکومت اور اپوزیشن کے مابین ہونے والے مذاکرات کی ناکامی کی ممکنہ وجہ سامنے آ گئی۔ تفصیلات کے مطابق ذرائع نے دعویٰ کیا کہ حکومت اور اپوزیشن کے مابین مذاکرات کی ناکامی کی وجہ احسن اقبال اور پرویز خٹک ہیں۔ نجی ٹی وی چینل کے نمائندہ صدیق ساجد نے بتایا کہ بات چیت کے دوران پرویز خٹک اور احسن اقبال کے مابین تلخ کلامی ہوئی ۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ حکومت واضح ایجنڈے کے ساتھ سامنے آئے۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ حکومت اور اپوزیشن کے مابین عدم اعتماد ہے ، دونوں فریقین کسی صورت ایک دوسرے پر اعتماد کرنے پر راضی نہیں ہیں۔ شاہد خاقان عباسی نے بھی گلہ کیا کہ وزیراعظم ہر مرتبہ این آر او کا ذکر چھیڑ دیتے ہیں۔ تو پھر مذاکرات کس لیے ؟ جس پر پرویز خٹک نے کہا کہ یہ سیاسی بیان ہوتے ہیں جو آپ اور ہم، دونوں دیتے ہیں۔

(جاری ہے)

اپوزیشن نے کہا کہ ہم پراڈکشن آرڈر جاری کرنے کی درخواست نہیں کریں گے۔ اپوزیشن نے شہباز شریف ، خواجہ آصف اور خورشید شاہ کے پروڈکشن آرڈر جاری نہ کرنے پر بھی شدید احتجاج کیا اور کہا کہ پہلے آپ با اختیار ہو کر آئیں پھر بات چیت ہو گی۔ کیونکہ اگر فیصلہ عمران خان نے ہی کرنا ہے تو ہم آپ سے بات چیت کیوں کریں؟ احسن اقبال نے کہا کہ نیب قوانین میں ترمیم کی بات ہوتی ہے اس لیے ہم واضح ایجنڈے کی بات کر رہے ہیں۔

صدیق ساجد نے حکومت اور اپوزیشن کے مابین ہونے والے مذاکرات کی ناکامی سے متعلق مزید کیا کہا آپ بھی دیکھیں:
واضح رہے کہ اپوزیشن جماعتوں کے حکومت مخالف اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے حکومت کو اکتیس جنوری تک مستعفی ہونے کی ڈیڈ لائن دے رکھی ہے ، تاہم اپوزیشن جماعتوں کے احتجاج کے پیش نظر حکومت اور اپوزیشن کے مابین مذاکرات کی کوشش کی جا رہی تھی جو ناکام ہو گئی ہے۔