پی ڈی ایم جماعتوں کے پانچ قائدین اِن ہاؤس تبدیلی کے مخالف نکلے

پی ڈی ایم کی چار جماعتوں کی وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی حمایت،پی ڈی ایم قائدین کا سربراہی اجلاس بلانے کا مطالبہ

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان ہفتہ 23 جنوری 2021 15:30

لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 جنوری 2021ء) :پی ڈی ایم جماعتوں کے پانچ قائدین ان ہاؤس تبدیلی کے مخالف ہیں۔مولانا فضل الرحمن،محمود اچکزئی،ساجد میر، عبدالمالک بلوچ اور اویس نورانی ان ہاؤس تبدیلی کے مخالف ہیں۔۔ن لیگ پہلے روز سے ہی ان ہاؤس تبدیلی کی مخالف رہی ہے۔پی ڈی ایم کی چار جماعتوں نے وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی حمایت کی ہے۔

مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ میں ان ہاؤس تبدیلی کے حق میں نہیں ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہر حکومت آخری دن تک یہی کہتی ہے کہ وہ نہیں جائے گی لیکن جب حکومت عوام کا اعتماد کھو دے اور عوام حکومت سے نفرت شروع کر دے پھر آپ اقتدار میں نہیں رہ سکتے۔ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ان ہاؤس تبدیلی سے متعلق پیپلز پارٹی کی اپنی رائے ہے لیکن میں اس رائے سے اتفاق نہیں کرتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کل کو اگر پی ڈی ایم میں پیپلز پارٹی نے ان ہاؤس تبدیلی کی بات کی تو کم از کم میں اس کی مخالفت کروں گا۔ میری پارٹی کی جو رائے ہو گی وہ بھی سامنے آ جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم سودے بازی سے عدم اعتماد نہیں کریں گے۔ ہم اس طرح کے کسی معاملے میں نہیں پڑیں گے۔ اختر مینگل ، بلاول بھٹو اور بلوچستان نیشنل پارٹی کی ان ہاؤس تبدیلی کی حمایت کی ہے۔

۔قومی وطن کے آفتاب شیرپاؤ بھی ان ہاؤس تبدیلی کے حامی ہیں۔ذرائع کے مطابق پی ڈی ایم کے کئی رہنماؤں پاکستان پیپلز پارٹی سے بھی وضاحت مانگ لی ہے۔پی ڈی ایم کے اکثر قائدین نے سربراہی اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا ہے۔ خیال رہے کہ اس سے قبل وفاق میں بھی خصوصی طور پر پنجاب میں تبدیلی لانے کی کوششوں کی خبریں منظر عام پر آئی تھیں اور کچھ تجزیہ کاروں نے تو یہاں تک کہہ دیا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے خلاف تحریک عدم اعتماد لائی جائے گی جس کے بعد وفاق میں بھی ان ہاؤس تبدیلی پر غور کیا جا رہا تھا تاہم اب عارف نظامی نے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے واضح کیا کہ ایسی تمام کوششیں اب بھی کی جا رہی ہیں۔