Live Updates

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے علی زیدی سے متعلق وزیراعظم عمران خان کو شکایت کر دی

کوارڈیشن کمیٹی اجلاس میں وفاقی وزیرعلی زیدی نے انتہائی سخت لہجے میں بات کی۔ مراد علی شاہ کا شکوہ

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 23 جنوری 2021 15:31

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے علی زیدی سے متعلق وزیراعظم عمران خان ..
کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 جنوری 2021ء) : وزیراعلٰی سندھ سید مراد علی شاہ نے پاکستان تحریک انصاف کے وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی سے متعلق وزیراعظم عمران خان کو شکایت کر دی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے وفاقی وزیر علی زیددی سے متعلق شکایتی خط وزیر اعظم کو ارسال کر دیا ۔ وزیراعظم کو ارسال کیے جانے والے خط میں مراد علی شاہ نے مؤقف اختیار کیا کہ کوارڈینیشن کمیٹی اجلاس میں وفاقی وزیرعلی زیدی نے انتہائی سخت لہجے میں بات کی۔

مراد علی شاہ نے خط میں کہا کہ علی زیدی نے میٹنگ میں پارلیمانی زبان اور رویے کا لحاظ نہیں کیا اور میٹنگ کے دوران سب کے سامنے نامناسب رویہ اختیار کیا۔ انہوں نے کہا کہ کوآرڈینیشن کمیٹی میٹنگ میں یہ رویہ روایات کے خلاف ہے، خط کے ذریعہ اپنا احتجاج ریکارڈ کروا رہا ہوں، آئندہ اجلاس میں علی زیدی سنجیدگی کا مظاہرہ کریں۔

(جاری ہے)

مراد علی شاہ کے خط کے جواب میں علی زیدی نے بھی وزیر اعظم عمران خان کو ایک خط ارسال کر دیا ۔

وفاقی وزیر علی زیدی نے تحریر کیا کہ مراد علی شاہ کا خط ان کے دماغ میں سمائے بلا جواز تکبر کا مظہر ہے، انتظامی معاملات چلانا تو پہلے ہی مراد علی شاہ کے بس میں نہ تھا۔ انہوں نے خط میں تحریر کیا کہ موصوف گفتگو کے آداب سے بھی مکمل نا واقف اور بے بہرہ ہیں، کراچی کمیٹی کے قیام کو 6 ماہ سے زائد کا عرصہ بیت چکا ہے، کمیٹی میں 3 وفاقی وزرا بھی شامل ہیں۔

علی زیدی نے کہا کہ مراد علی شاہ خود کو ذمہ دار سمجھتے ہیں نہ ہی کسی کو جوابدہ۔ وفاقی وزیر علی زیدی کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ مراد علی شاہ نے ادب و شائستگی کی تمام حدود پھلانگ کر وزیراعظم کو خط بھجوایا ہے۔ انہوں نے لکھا کہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ اور ایس بی سی اے کی نچلی سطح تک منتقلی پر استفسار پر موصوف برہم ہیں، ہر بحث کو ادھر ادھر کا رخ دے دینا مراد علی شاہ کا وطیرہ ہے۔ علی زیدی نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ 6 ماہ سے اداروں کی نچلی سطح تک منتقلی کی راہ میں رکاوٹ ہے، شہری سہولیات کی فراہمی سندھ حکومت کی ذمہ داری ہے۔ وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ سندھ میں لوٹ مار کے علاوہ کچھ دکھائی نہیں دیتا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات