کے ایم سی جلد ہی کراچی میں اسپورٹس گالا منعقد کرے گی ،ایڈمنسٹریٹر کراچی

کھیل معاشرے اور کردار سازی میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں، لئیق احمد کا تقسیم انعامات کی تقریب سے خطاب

ہفتہ 23 جنوری 2021 17:48

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جنوری2021ء) ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے کہا ہے کہ کے ایم سی جلد ہی کراچی میں اسپورٹس گالا منعقد کرے گی جس میں پورے شہر میں کھیلوں کے مقابلے منعقد کئے جائیں گے، کھیل معاشرے اور کردار سازی میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں، جو لوگ ہارنا جانتے ہیں جیت انہیں کی ہوتی ہے، یہ بات انہوں نے کے ایم سی انڈر 16 کرکٹ ٹورنامنٹ کی تقسیم انعامات کی تقریب سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کہی، کھیلوں کی ممتاز شخصیت پروفیسر اعجاز فاروقی، غلام محمد خان، سینئر ڈائریکٹر اسپورٹس اینڈ کلچر سید خورشید شاہ، ڈائریکٹر اسپورٹس کمپلیکس کنور محمد ایوب، ناہید عابدہ، کیف الوریٰ، شاہد نواب اور دیگر افسران اور کھیلوں سے وابستہ ممتاز شخصیات بھی اس موقع پر موجود تھیں، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ کھیل ہار اور جیت پر مبنی ہوتے ہیں اور معاشرے میں ایک دوسرے کو برداشت کرنے، اپنے اندر ہمت پیدا کرنے، مقابلہ کرنے اور آگے بڑھنے کی صلاحیت پیدا کرتے ہیں جو نوجوان کھیلوں سے وابستہ ہوتے ہیں ان کی ذہنی اور جسمانی صحت عام نوجوانوں کے مقابلے میں زیادہ بہتر ہوتی ہے، انہوں نے کہا کہ کراچی میں کرکٹ کے ساتھ ساتھ ہاکی، فٹ بال، ٹیبل ٹینس، اسکوائش اور باکسنگ کو بھی فروغ دیا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوان اپنا اضافی وقت کھیلوں کو دیں اور ان میں مہارت حاصل کرکے کراچی شہر کا نام پوری دنیا میں روشن کریں، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ کے ایم سی کے اسپورٹس کمپلیکس، کھیلوں کے میدان اور اسٹیڈیم کو اپ گریڈ کیا جائے گا اور حکومت سندھ انہیں اپ گریڈ کرنے کے سلسلے میں بھر پور تعاون کے لئے تیار ہے، انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ کی یہ کوشش ہے کہ کراچی کو امن و آشتی کا گہوارہ بنا نے کے ساتھ ساتھ کھیلوں کا مرکز بھی بنا یاجائے، انہوں نے کہا کہ کے ایم سی اسپورٹس کمپلیکس میں عالمی معیار کے فٹبال اسٹیڈیم کا ترقیاتی کام 95 فیصد مکمل ہوچکا ہے اور باقی ماندہ کاموں کو جلد مکمل کرکے نوجوانوں کو فٹ بال اسٹیڈیم میں کھیلنے کے مواقع فراہم کئے جائیں گے، اس فٹ بال اسٹیڈیم میں 3 ہزار سے زائد شائقین کے بیٹھنے کی گنجائش موجود ہے، انہوں نے کہا کہ کھیلوں سے وابستہ افراد کی ذہنی سطح بہت بلند ہوتی ہے کیونکہ وہ جسمانی مشقت کے ساتھ ساتھ ذہنی دباؤ کوبھی برداشت کرتے ہیں اور اپنے مد مقابل کا مقابلہ کرنے کے لئے میدان میں اترتے ہیں، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے اس موقع پر ٹورنامنٹ جیتنے والی ٹیم داؤد کرکٹ اکیڈمی کو ٹرافی کے ساتھ 2 لاکھ روپے کا کیش پرائز دیا جبکہ رنرز اپ ٹیم یونائیڈکر کٹ اکیڈمی کو ٹرافی کے ساتھ ایک لاکھ روپے کا کیش ایوارڈ دیااور کھلاڑیوں میں ایوارڈ اور انعامات تقسیم کئے۔

(جاری ہے)

ٹورنامنٹ میں کراچی کی بارہ ممتاز کر کٹ ٹیموں نے حصہ لیا اور یہ ٹورنامنٹ ایک ماہ سے زیادہ مدت تک جاری رہا۔